مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے: اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی بہتری کا دنیا اعتراف کر رہی ہے۔ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پوری دنیا کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، عالمی مسائل پر بات چیت اور غور و فکر کے لیے جمع ہوئے ہیں، جب بھی امریکا کا دورہ کیا تو پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ہر سیاسی جماعت کہا کرتی تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، معیشت کی بہتری میں وقت لگتا ہے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، زبوں حال معیشت کو دوبارہ مستحکم کیا، ملکی مفاد ہمیشہ مقدم رکھا، ملک ہے تو ہم ہیں۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہا، مشکل حالات سے نکل کر معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا آسان کام نہیں ہوتا، پاکستان کے سفارتی تعلقات کو دوبارہ بہتر کیا۔اسحاق ڈار کا مزید کہنا ہے کہ پچھلے 2 سال میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، دہشت گردی ختم ہو چکی تھی، اب دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان کو معاشی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان ہوا، چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور ترقی یافتہ ملک چھوڑ کر جائیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کہا کہ
پڑھیں:
پاکستان کی معیشت مستحکم، دہشتگردی میں اضافے پر تشویش ہے، اسحاق ڈار
نیو یارک: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ چکا ہے، جس سے معیشت میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، زبوں حال معیشت کو سنبھالا اور اقتصادی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، عالمی ادارے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔
انہوں نے دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آج ہونے والی شہادتیں ان دہشتگردوں کو دوبارہ واپسی کی اجازت دینے اور قاتلوں کو جیلوں سے نکالنے کا نتیجہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی تقریباً ختم ہوچکی تھی، لیکن گزشتہ دو سالوں میں ایک نئی لہر دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث پاکستان کو معاشی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور ترقی یافتہ پاکستان چھوڑ کر جانا چاہتی ہے اور اس کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سفارتی تعلقات کو بہتر بنایا گیا ہے اور تمام پالیسی فیصلے ملک کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔