Daily Mumtaz:
2025-02-20@20:11:25 GMT

نئے ججز کی آمد کے بعد سپریم کورٹ میں ہلچل

اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT

نئے ججز کی آمد کے بعد سپریم کورٹ میں ہلچل

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں نئے ججز کی آمد کے بعد متعدد انتظامی کمیٹیوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کردیا۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنی سربراہی میں 6 رکنی کیس مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی جس میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس محمد شفیع صدیقی اور ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) شامل ہیں، آئی ٹی ڈائریکٹر اس کے سکریٹری ہوں گے، کمیٹی کیس مینجمنٹ کو ہموار کرکے عدالتی کام میں کارکردگی کو یقینی بنائے گی۔

چیف جسٹس نے پاکستان میں خصوصی عدالتوں (انسداد دہشت گردی عدالتوں) کے افعال اور کارکردگی کی نگرانی کیلئے سپریم کورٹ کے 5 ججوں کو بھی مقرر کیا،جسٹس مسرت ہلالی خیبر پختونخوا میں اے ٹی سیز کے مانیٹرنگ جج ہوں گی جبکہ جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس صلاح الدین پنہور بالترتیب پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں مانیٹرنگ ججز کی حیثیت سے کام کریں گے، جسٹس عامر فاروق اسلام آباد کی خصوصی عدالتوں کے مانیٹرنگ جج ہوں گے۔

چیف جسٹس نے جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل کمیٹی کو ماڈل کورٹس کی نگرانی کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔

سپریم کورٹ کی آئی ٹی افیئرز کمیٹی میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے جس میں چیف جسٹس اس کے چیئرمین ہوں گے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اس کے ارکان ہوں گے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے یہ بھی حکم جاری کیا کہ سپریم کورٹ رولز 1980 کے آرڈر فائیو کے تحت چیمبرز میں متفرق اپیلیں اور آرڈر کے لیے درخواستیں چیف جسٹس اور دیگر ججز کے سامنے پیش کی جائیں گی، اسی طرح سپریم کورٹ رولز 1980 کے رول 3 آرڈر فائیو کے تحت رجسٹرار کے حکم کے خلاف اپیل بھی چیف جسٹس کے سامنے پیش کی جائے گی تاکہ انہیں 5 سینئر ججز میں سے کسی کو تفویض کیا جاسکے۔

دیوانی مقدمات واپس لینے کی اجازت کے لیے درخواستیں فیصلے کے لیے جسٹس حسن اظہر رضوی کے روبرو پیش کی جائیں گی، جسٹس ہاشم کاکڑ سپریم کورٹ رولز 1980 کے آرڈر 5 رولز 2 (10) کے تحت ملزم/ اپیل گزار کے سرنڈر نہ کرنے پر اعتراضات اور فوجداری مقدمات / نیب مقدمات واپس لینے کی اجازت کے لیے دائر درخواستوں پر متفرق فوجداری اپیلوں کی نگرانی کریں گے۔

جسٹس صلاح الدین پنہور سپریم کورٹ رولز 1980 کے آرڈر28 کے تحت ٹیکسنگ افسر/ رجسٹرار کی جانب سے واپس کیے گئے ٹیکس بلوں کی درخواستوں کی سماعت کریں گے جبکہ جسٹس شکیل احمد درخواستوں/ اپیلوں کی درخواستوں میں ترمیم، وقت میں توسیع یا تخفیف کی درخواستوں، یکطرفہ احکامات کو کالعدم قرار دینے اور کسی فریق کو شامل کرنے سے متعلق درخواستوں کا فیصلہ کریں گے۔

چیف جسٹس نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کو سپریم کورٹ کے سیکیورٹی امور کا انچارج بھی نامزد کیا، وہ سپریم کورٹ کے تمام سابق ججوں کے سیکیورٹی معاملات کی بھی نگرانی کریں گے۔

علاوہ ازیں چیف جسٹس نے سپریم کورٹ آرکائیوز کمیٹی کی تشکیل نو کی جس میں جسٹس حسن اظہر رضوی چیئرمین، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس میاں گل حسن ممبر ہوں گے، یعقوب بنگش پینل کے کیوریٹر ہوں گے۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس میاں گل حسن لا کلرک شپ پروگرام کمیٹی کے رکن ہوں گے جو لا کلرکوں کی تقرری اور ان کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

چیف جسٹس نے جسٹس میاں گل حسن کو بچوں اور خاندانی قوانین سے متعلق برطانیہ پاکستان پروٹوکول پر رابطہ جج کے طور پر بھی نامزد کیا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس عامر فاروق سپریم کورٹ کی تمام عمارتوں بشمول پرنسپل سیٹ، برانچ رجسٹری، ججز گیسٹ ہاؤسز، لاجز اور منسلک اثاثوں کے معاملات کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ بلڈنگز کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ سپریم کورٹ کی ریسرچ سینٹر کمیٹی کی سربراہی جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس عامر فاروق کریں گے۔

اس کے علاوہ 8 اکتوبر 2022 کو عملے کی وردی کے لیے کپڑے کے نمونے کے معیار اور انتخاب کی منظوری کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کو فوری طور پر تحلیل کردیا گیا۔

.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: جسٹس صلاح الدین پنہور سپریم کورٹ رولز 1980 کے جسٹس میاں گل حسن چیف جسٹس نے کی نگرانی اور جسٹس کریں گے کے تحت ہوں گے کے لیے

پڑھیں:

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات


چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔

 سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا نے کہا کہ چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات کے تناظر میں ملے ہیں، چیف جسٹس نے بتایا کہ وہ کل اپوزیشن کے 7 رکنی وفد سے بھی ملیں گے، چیف جسٹس قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل رہے ہیں۔

میاں عطا رؤف نے مزيد کہا کہ سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، انصاف کی فراہمی میں تعاون کیلئے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے اپوزیشن سے بھی فراہمی انصاف سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات
  • اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کا سنیارٹی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع
  • چیف جسٹس سے سپریم کورٹ بار کے وفد کی ملاقات، عدالتی اصلاحات پر مشاورت
  • وزیراعظم اور چیف جسٹس کی مُلاقات میں کیا ہوا؟
  • وزیراعظم سے ملاقات چیف جسٹس کے ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہے، اعلامیہ
  • 6 ججوں کے خط کے بعد عدلیہ کتنی تبدیل ہوئی؟
  • مودی حکومت آئینی ادارہ پر اپنا کنٹرول چاہتی ہے، کانگریس
  • نئے ججز کی آمد کے بعد سپریم کورٹ میں ہلچل
  • سپریم کورٹ انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل نو، جسٹس منصور اور عائشہ اطہر شامل نہیں