پاکستان کی معاشی بہتری کا دنیا اعتراف کر رہی ہے: اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی بہتری کا دنیا اعتراف کر رہی ہے۔
نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ چکا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مہنگائی 5 فیصد کے قریب آ گئی ہے، اس ماہ 5 فیصد سے کم نمبر آئے ہیں، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پوری دنیا کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، عالمی مسائل پر بات چیت اور غور و فکر کے لیے جمع ہوئے ہیں، جب بھی امریکا کا دورہ کیا تو پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کو ترجیح دی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ہر سیاسی جماعت کہا کرتی تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، معیشت کی بہتری میں وقت لگتا ہے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، زبوں حال معیشت کو دوبارہ مستحکم کیا، ملکی مفاد ہمیشہ مقدم رکھا، ملک ہے تو ہم ہیں۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہا، مشکل حالات سے نکل کر معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا آسان کام نہیں ہوتا، پاکستان کے سفارتی تعلقات کو دوبارہ بہتر کیا۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا ہے کہ پچھلے 2 سال میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، دہشت گردی ختم ہو چکی تھی، اب دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان کو معاشی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان ہوا، چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور ترقی یافتہ ملک چھوڑ کر جائیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا پاکستان کی کہا کہ
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
فوٹو بشکریہنیویارک میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور کثیرالجہتی سفارت کاری کے اصولوں پر کار بند ہے، پاکستان یو این کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ’سمٹ آف دی فیوچر‘ کے انعقاد کے اقدام کا خیر مقدم کیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ یی سے نیویارک میں ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں ترقی پذیر ممالک کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف اور ماحولیاتی اہداف کے لیے مالی وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق منصفانہ حل ناگزیر ہے، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
کابل سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقوامِ متحدہ کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں افغانستان میں لاکھوں بے سہارا افراد کی انسانی امداد اور وسطی ایشیا سے پاکستان تک روابط کے منصوبوں میں معاونت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے امن مشنز میں کردار اور اقوامِ متحدہ میں سرگرم شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔