کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی ’تبدیلی‘ کی سوغاتیں تھیں، نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی “تبدیلی” کی سوغاتیں تھیں‘ تبدیلی کے نام پر معیشت اور اقدار تباہ کی گئیں۔ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس میں ساہیوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر ڈویژن کے ایم پی ایز نے ملاقات کی۔ اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا لیکن بدقسمتی ہے کہ ترقی کرتا ملک پٹری سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا اور بدتہذیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کو سیاست بنا دیا گیا، معیشت اور اقدار تباہ کیں، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، شہباز شریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے اور پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی‘ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے جو وعدے کیے تھے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں نے عوام کی خدمت کا مشن چیلنج سمجھ کر سنبھالا ہے، قیادت اور جماعت کا شکریہ جس نے مجھے یہ ذمہ داری دی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: نواز شریف
پڑھیں:
نواز شریف کا معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف ملنے کی امید کا اظہار
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کاکہنا ہے کہ ملک کی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے اور عوام کو جلد مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ تعمیراتی کام ایک بار پھر شروع ہو چکے ہیں اور عالمی مالیاتی ادارے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی محنت اور جانفشانی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ترقی کا تسلسل برقرار رہتا تو آج پاکستان خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا، ماضی کی رکاوٹوں اور سیاسی عدم استحکام نے ملک کو نقصان پہنچایا، لیکن اب معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو عوامی خدمت اور ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف بغض، حسد، بدتمیزی اور بدتہذیبی میں مصروف ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مزید مستحکم ہوگی، عوام کو جلد مزید ریلیف دیا جائے گا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہو رہی ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔