160 انسانی سمگلرز کی فہرست تیار، اکاؤنٹس منجمد، پاسپورٹ شناختی کارڈ بلاک
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
اسلام آباد؍ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) وزیراعظم کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی فہرست تیار کر لی گئی۔ حساس اداروں کی فہرست میں 160 فعال انسانی سمگلرز کے نام اور پتے شامل ہیں۔ 39 کا تعلق پنجاب، 34 کا تعلق سندھ سے ہے۔ خیبر پی کے میں 50، بلوچستان 31 اور اسلام آباد میں 6 سمگلرز متحرک ہیں، 15 سمگلروں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور پی این آئی ایل میں ڈال دیئے گئے۔ حساس اداورں کی رپورٹ کے مطابق یہ سمگلرز پاکستان اور دوسرے ممالک سے انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ 4 سمگلرز اس وقت پاکستان، 3 لیبیا، ایک انگلینڈ اور ایک یو اے ای میں موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق 6 انسانی سمگلرز کی حالیہ لوکیشن کا ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا، تمام سمگلرز کے بنک اکاؤنٹس منجمد، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیئے گئے۔ دریں اثناء ایف آئی اے کوہاٹ زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے رواں برس لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا، جن کی شناخت حبیب الرحمن اور نوید احمد کے نام سے ہوئی۔ ملزموں کو چھاپا مار کارروائی میں پشت بازار باجوڑ سے گرفتار کیا گیا، دونوں ملزم رواں ماہ لیبیا میں ہونے والے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: میں ملوث
پڑھیں:
ایف آئی اے نے دو ماہ میں کتنے انسانی اسمگلر اور ایجنٹ گرفتار کیے؟ رپورٹ جاری
راولپنڈی:وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے پچھلے دو ماہ کے دوران 458 انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف گزشتہ 2 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایف آئی اے نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران 458 انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے،گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے 8 انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران یونان کشتی حادثہ 2023 کے 19 اشتہاری انسانی اسمگلروں اور یونان کشتی حادثہ 2024 میں ملوث 18 انسانی اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا، اسی طرح مراکش کشتی حادثے 2025 میں ملوث 10 ایجنٹ بھی گرفتار کیے گئے۔
گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 661.63 ملین روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کیں جبکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے زیر استعمال73.51 ملین روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مجموعی طور پر 26 ریڈ نوٹس جاری کیے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے کڑی نگرانی کر رہے ہیں،معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایف آئی اے کی ٹیمیں انسانی اسمگلنگ کے متاثرین سے مسلسل رابطے میں ہیں،جبکہ گرفتار اسمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔