کراچی، گلاس ٹاور آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے کلفٹن کے گلاس ٹاور میں لگنے والی آگ پر ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا اور کولنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
آتشزدگی کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پہلی منزل پر قائم 35 سے زائد دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ کے مطابق، آگ فرسٹ فلور پر بیڈ شیٹ اور کپڑے کی دکانوں میں لگی تھی، جس کے نتیجے میں دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچا ہوا سامان منتقل کیا۔
ایدھی حکام کے مطابق کلفٹن تین تلوار گلاس ٹاور مال میں آگ کے واقعے ایک فائر بریگیڈ کے اہلکار سمیت 4 افراد دھویں سے متاثر ہوئے۔ان متاثرہ افراد کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
متاثرہ افراد کی شناخت فائر فائٹر 45 سالہ منصور، 22 سالہ ابراھیم، 20 سالہ اسماعیل اور 21 سالہ فیض محمد شامل ہیں ۔ایک اور ریسیکو ادارے کے مطابق دو افراد دھویں کی وجہ سے معمولی متاثر ہوئے جن کو جائے وقوعہ پر طبی امداد دی گئی۔
آگ لگنے کے بعد کے ایم سی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122، اور کنٹونمنٹ بورڈ کی 15 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، اور واٹر کارپوریشن نے پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فوراً اقدامات کیے۔ فائر بریگیڈ کو پانی کی فراہمی کے لیے نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، فائر بریگیڈ کے ساتھ تعاون میں واٹر ٹینکرز روانہ کیے گئے اور صورتحال کی نگرانی کی گئی۔
گلاس ٹاور یونین کے صدر مرتضی حسین نے بتایا کہ آگ سے 80 دکانیں متاثر ہوئیں، جن میں 35 سے 40 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
متاثرہ دکانداروں نے حکومت سے فوری طور پر مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کا روزگار بحال ہو سکے۔
تاجر رہنماء شرجیل گوپلانی نے بھی آگ کے ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے کا خدشہ ظاہر کیا، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر مرکزی روڈ کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا، تاہم آگ پر قابو پانے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فائر بریگیڈ کے مطابق
پڑھیں:
ٹورنٹو میں مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہو کر الٹ گیا
TORONTO:کینیڈا کے ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائن کا مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران پائلٹ سے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
طیارے میں سوار تمام 80 افراد کو نکال لیا گیا ہے تاہم حادثے میں ایک بچے سمیت کم از کم 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں اور دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ڈیلٹا ایئر لائنز کا طیارہ 4819، جس میں 76 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے، منیاپولس کے سینٹ پال بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اونٹاریو کے ٹورنٹو پیئرسن بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوا تھا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے طیارہ حادثے کے فوری بعد ایک بیان جاری کیا اور تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام 80 افراد کو نکال لیا گیا ہے اور کینیڈا کا ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ تحقیقات کا انچارج ہوگا۔