کچے میں دریائے سندھ پر تعمیر کیے گئے بچائو بند کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و توانائی سید ناصر حسین شاہ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دہاریجو نے یونین کونسل نوراجا کے کچے میں دریائے سندھ پر تعمیر کیے گئے بچاؤ بند کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہر سال جب سیلاب آتا ہے تو یہاں کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کا بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی بری طرح متاثر ہوتی ہے، اسی لیے دریائے سندھ کی جھیل پر بند تعمیر کر کے ایک راستہ بنایا گیا ہے تا کہ سیلاب کے دوران یہاں کے لوگ متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل نوراجا، پنہوار، سدھوجا اور سانگی کے رہائشی ہر سال سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوتے تھے، لیکن اس بند کی تعمیر سے انہیں فائدہ پہنچے گا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کچے میں کئی سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں اور مزید سڑکوں کی تعمیر کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تا کہ یہاں کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسکول، اسپتال اور سڑکوں کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں اور ہمارے کئی منصوبے جاری ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ سندھ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں سڑکوں کے کام باقی ہیں، انہیں بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ سید ناصر حسین شاہ مزید نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں بجلی کی سہولت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے سولرائزیشن پروگرام شروع کیا ہے، اس پر کام جاری ہے اور کچے کے لوگوں کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے تا کہ انہیں بجلی کی سہولت میسر آ سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاکستان کی ترقی کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، اور ہم اس مشن پر ثابت قدم ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات برادرانہ ہیں، اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کی حالیہ پاکستان آمد نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے محنت کی ضرورت ہے، اور حالیہ گیلپ سروے کے مطابق 55 فیصد پاکستانیوں نے کاروباری ماحول پر اعتماد ظاہر کیا ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی، اور ان کی حمایت پاکستان کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔