کراچی، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 ٹینکرز کو آگ لگادی
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
فوٹو: اسکرین گریب
کراچی میں جیل چورنگی فلائی اوور پر واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگادی۔
پولیس کے مطابق واٹر ٹینکرز ڈرائیورز مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل سوار ان کی زد میں آگیا۔
پولیس کے مطابق مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکرز کو آگ لگائی، اطلاع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے کہ رواں سال 2025 میں اب تک کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 100 سے زائد شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی : ٹینکر سروس پھر معطل‘ پانی کی فراہمی بند
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ٹینکرسروس ایک بار پھر معطل کردی ہے، جس سے کراچی میں شہریوں کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جیل چورنگی پر مشتعل افراد کے ہاتھوں واٹر ٹینکر جلانے کے واقعے کے بعد واٹرکارپوریشن کی ٹینکر سروس ایک بار پھر معطل کردی گئی ہے۔سروس معطل ہونے سے شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی بند ہوگئی ، نیپا، صفورا سمیت شہر کے دیگر ہائیڈرینٹ کو بند کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز تیز رفتار واٹر ٹینکر نے شہریوں کوکچل دیا تھا ، جس کے بعد جیل چورنگی پر مشتعل افراد نے متعدد واٹر ٹینکرز کو آگ لگائی تھی تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے ٹینکروں میں لگی آگ بجھائی۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے جیل چورنگی پر ٹینکر جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔