زور دار دھماکے کی آواز ،پاکستان اور بھارت میں آنے والے زلزلوں میں ایک چیز مشترک،مگر کیوں؟ اہم انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں آنے والے زلزلوں میں ایک چیز مشترک تھی ، اور وہ ایک زور دار دھماکے کی آواز تھی جس نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔ اسلام آباد میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے کی شدت 4.8 جب کہ دہلی میں صبح چار شدت کا زلزلہ آیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے دوران اس طرح کی گڑگڑاہٹ یا دھماکے جیسی آواز اکثر کم گہرائی میں آنے والے زلزلوں میں سنائی دیتی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جب زمین میں ہلچل پیدا ہوتی ہے تو اس سے پیدا ہونے والی ہائی فریکوئنسی وائبریشنز آواز کی لہروں میں تبدیل ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ دھماکے جیسی محسوس ہوتی ہیں۔ زلزلہ جتنا زمین کی سطح کے قریب ہوگا اتنی ہی زیادہ توانائی خارج ہوگی اور اتنی ہی زیادہ آواز سنائی دے گی۔
دہلی زلزلہ زون فور میں واقع ہے، جو کہ ایک بلند خطرے والا زون تصور کیا جاتا ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس زون میں عام طور پر 5 سے 6 شدت کے زلزلے آتے ہیں جبکہ بعض اوقات 7 سے 8 شدت کے زلزلے بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق شمالی بھارت اور ہمالیائی خطے میں زلزلے بھارتی اور یوریشین پلیٹوں کے تصادم کے نتیجے میں آتے ہیں۔ یہ پلیٹیں مسلسل دباؤ برداشت کرتی ہیں اور جب یہ اچانک اپنی پوزیشن تبدیل کرتی ہیں تو زلزلہ آتا ہے۔عام طور پر وہ زلزلے جو زمین کی سطح کے قریب یعنی پانچ سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آتے ہیں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں 5.1 شدت کا زلزلہ، سوات اور پشاور میں خوف پھیل گیا
پشاور(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے سوات اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں محسوس ہوئے، جس کے نتیجے میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، لیکن لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا گیا۔