اسلام آباد ہائیکورٹ: شہری کی غیرقانونی حراست کے کیس میں آئی جی سے رپورٹ طلب
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہری علی محمد کو مبینہ غیرقانونی حراست میں رکھنے کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، جس میں آئی جی اسلام آباد اور ایس پی پولیس رورل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی۔
عدالت نے تھانہ کھنہ کے ایس ایچ او کو ہدایت دی کہ مغوی علی محمد کا بیان ریکارڈ کر کے رپورٹ جمع کروائیں۔
درخواست گزار کی جانب سے معروف وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایس ایچ او سیکریٹریٹ اشفاق وڑائچ نے مغوی کے والد سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے رشوت لے کر علی محمد کو رہا کیا۔
شیر افضل مروت نے عدالت کو مزید بتایا کہ علی محمد کے مطابق غیرقانونی حراست کے مقام پر متعدد مرد و خواتین بھی قید تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی محمد کی تصویر بنا کر ریکارڈ پر لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسلام آباد علی محمد
پڑھیں:
اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو کیس سنگل سے ڈویژن بینچ ٹرانسفر نہ کرنیکا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو آئندہ بغیر قانونی جواز کیس سنگل سے ڈویژن بینچ ٹرانسفر کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو آئندہ ٹرانسفر یا مارکنگ کرتے ہوئے عدالتی گائیڈ لائنز مدنظر رکھنے اور قائم مقام چیف جسٹس کی ہدایت پر ڈویژن بینچ میں مقرر کردہ کیسز دوبارہ واپس مختلف بینچز میں بھیجنے کا بھی حکم دے دیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے 12 صفحات کا فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو حکم دیا کہ جب تک فل کورٹ ہائیکورٹ رولز پر مزید رائے نا دے انہی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل تمام کیسز متعلقہ بینچ میں بھیج دے اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کیس سنگل بینچ سے ڈویژن بینچ بھیجنے کا اختیار بغیر قانونی جواز استعمال نا کریں۔ قانون کی تشریح ہو، ایک ہی طرح کے کیسز ہوں جو قانونی جواز دیں پھر ہی اختیار استعمال ہو سکتا ہے۔
کیسز فکس کرنے یا مارک کرنے کے اختیار سے متعلق بھی عدالت نے مستقبل کی گائیڈ لائن دے دی۔
ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے مطابق سنگل یا ڈویژن بینچز کیسز فکس کرنے کا اختیار ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کا ہے، رولز اینڈ آرڈرز کے مطابق چیف جسٹس کا اختیار روسٹر کی منظوری کا ہے۔
رولز واضع ہیں کیسز مارکنگ اور فکس کرنا ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کا اختیار ہے لیکن ڈپٹی رجسٹرار کو کیس واپس لینے یا کسی اور بینچ کے سامنے مقرر کرنے کا اختیار نہیں۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق آصف زرداری کیس میں طے ہو چکا جج نے خود طے کرنا ہے کیس سنے گا یا نہیں، اس کیس میں نا تو جج نے معذرت کی اور نہ ہی جانبداری کا کیس ہے۔ انتظامی سائیڈ پر قائم مقام چیف جسٹس کو مناسب انداز میں آفس نے معاونت نہیں کی۔