وزیراعظم نے مہنگائی میں مزید کمی کی نوید سنادی
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی مزید کم کرنے کی نوید سنا دی۔
شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے دن رات محنت کی ہے، مگر ابھی مزید محنت درکار ہے۔ آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے۔ہم نے حکومت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا، جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے۔ بینکوں کا مارک اپ ریٹ بہتر ہوا ہے ، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہو گا ۔ ان شا اللہ۔ اس کامیابی میں پوری ٹیم کی کاوش شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنا ہوگی۔ ملک کی ترقی کے لیے ہر اسٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہو گا ۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شہباز شریف کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاکستان کی ترقی کے عزم کا اظہار
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، اور ہم اس مشن پر ثابت قدم ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات برادرانہ ہیں، اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کی حالیہ پاکستان آمد نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور عالمی فورمز پر کشمیر اور فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے محنت کی ضرورت ہے، اور حالیہ گیلپ سروے کے مطابق 55 فیصد پاکستانیوں نے کاروباری ماحول پر اعتماد ظاہر کیا ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی، اور ان کی حمایت پاکستان کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔