افغانستان سرحد سے دہشتگردوں کی در اندازی بند ،پاکستان سے تعلقات بہتربنائے، سربراہ ملائیشین اسلامی تنظیم
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
سربراہ ملائیشین اسلامی تنظیم محمد آظمی الحامد نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دے کر ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا پڑے گا، پاکستان انڈونیشیا کے بعد دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے، پاکستان انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان میرے جسم اور خون میں شامل ہے، کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کریں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آظمی الحامد نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک مضبوط ملک بنے، پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم چاہتے ہیں دونوں ملکوں کے مابین بھائی چارے کی فضا ہمیشہ قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی کو 67 برس ہوچکے ہیں، قوموں کی ترقی میں کئی چیزیں ہوتی ہیں، ہم اتنے امیر نہیں ہیں تاہم ہمارے پاس قدرتی وسائل موجود ہیں، ہم نے اپنی زراعت اور انڈسٹری کو بہتر بنایا ہے، اور ہم انسانی ارتقا کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
سربراہ ملائیشین اسلامی تنظیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں تقریبا 67فیصد مسلمان ہیں، 20 فیصد بدھ مت ہیں اور اس کے بعد ہندو ودیگر مذاہب کے لوگ موجود ہیں جو ملکی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔
محمد آظمی الحامد نےکہا کہ افغانستان اس وقت مشکل صورت حال سے دوچار ہے، ملائیشیا ان کے ساتھ مل کر ان کی معاشی ترقی کے لئے کام کررہا ہے، مجھے ان کی باتیں مناسب لگتی ہیں، ہم کابل سے کہیں گے کہ وہ سرحد سے دہشت گردوں کے دخل اندازی بند کرائے اور پڑوسی ملک پاکستان سے اپنے تعلقات بہتربنائے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے لئے
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات‘ سرحد پار دہشت گردی و دیگر امور پر گفتگو
نیویارک (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے اس موقع پر امن و سلامتی، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے 2025 ء اور 2026ء میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے پاکستان کی دیرینہ وابستگی بشمول اقوام متحدہ کی امن کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے سمٹ آف دی فیوچر کے انعقاد کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پیکٹ فار دی فیوچر کے لیے معاہدے کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا، جو پائیدار ترقی اور موسمیاتی اہداف کو نافذ کرنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کی مالیاتی ضروریات کو پورا کرے گا۔ نائب وزیر اعظم نے تنازعہ جموں و کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ انداز سے حل کرنے پر زور دیا۔ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے دو ریاستی حل کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جس میں 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک قابل عمل، متصل اور خودمختار فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ نائب وزیر اعظم نے سرحد پار افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کو بھی اجاگر کیا اور افغانستان کے اندر سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان میں لاکھوں بے سہارا لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے اور اس کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا جس میں افغانستان کے راستے وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان رابطے کے منصوبوں پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے نائب وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں پاکستان کی فعال شمولیت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشن میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں جو چین نے سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران بلایا تھا۔