ڈی جی آئی اے ای اے کے دورہ پاکستان سے متعلق دفترخارجہ کااہم بیان جاری
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے 12-13 فروری کو پاکستان کا دورہ کیا۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈی جی آئی اے ای اے نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی، پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ دوران ملاقات موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال ہوا، ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین سے بات چیت کی۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی ترقی، بشمول زراعت، صحت کی دیکھ بھال اور توانائی کی پیداوار میں اس کے تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان چیپٹر آف ویمن ان نیوکلیئر فیلڈ کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔
ترجمان نے کہا کہ انہوں نے جوہری اور اس سے منسلک شعبوں میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینے میں ملک کی کوششوں کی تعریف کی، ڈی جی آئی اے ای اے نے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی لاہور کا دورہ بھی کیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ڈی جی ا ئی اے ای اے
پڑھیں:
ترکیے کے اعلیٰ سطحی وفدکا پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اسکرین گریبچیف آف انٹیلی جنس، ترک جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل یاسر قادی اوغلو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
منگل کو ہونے والی اس ملاقات میں جغرافیائی حکمت عملی کی صورتحال، موجودہ مشترکہ منصوبوں کی پیشرفت اور جدید جنگی ٹیکنالوجیز اور تربیت کے شعبے میں پیشہ ورانہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے فوجی تعاون پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظیہر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تعلقات کی بنیاد بننے والے مشترکہ اقدار اور امنگوں پر زور دیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، سیٹیلائٹ پروگرامز اور امیجری انٹیلی جنس کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں کمانڈروں نے ترک کیڈٹس کے لیے پی اے ایف میں تربیتی پروگرامز کو بڑھانے اور ان میں جدید ٹیکنالوجیز، اے آئی پر مبنی لرننگ ماڈیولز اور مشترکہ مشقوں کو شامل کر کے تربیتی طریقہ کار کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل یاسر قادی اوغلو نے پاکستان کی طرف سے انہیں دیے جانے والے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل عرصے سے قائم برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
ترکیے کے اعلیٰ سطحی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم کا مظہر ہے اور یہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک سنگ میل ہے۔