فلسطینیوں کو ملک بدر کرنے کے کسی بھی منصوبے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں، فلسطینی صدر
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
غزہ:
فلسطین کے صدر محمود عباس نے ایتھوپیا میں افریقی یونین کے اڑتیسویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے کسی بھی منصوبے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، چاہے وہ غزہ کی پٹی میں ہو، مغربی کنارے میں یا مشرقی یروشلم میں۔
محمود عباس نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے اور فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر اپنے جائز حقوق سے دستبرداری کو قبول نہیں کریں گے۔ فلسطین کا مستقبل جلاوطنی اور نقل مکانی پر نہیں بلکہ اپنے عوام کی وابستگی پر مبنی ہونا چاہئے۔
فلسطینی صدر نے کہا کہ فلسطینی قیادت غزہ کے لئے جنگ کے بعد تعمیر نو کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، بشرطیکہ غزہ کے عوام اسی زمین پر رہیں۔ کسی بھی تعمیر نو کی بنیاد فلسطینی عوام کے وجود اور حقوق کے تحفظ پر ہونی چاہیے نہ کہ تعمیر نو کے نام پر آبادی کی منتقلی پر۔
محمود عباس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطین ،”عرب امن اقدام ” کے لیے پرعزم ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ ہنگامی عرب سربراہ اجلاس میں تمام فریقین اس موقف کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیر اعظم شہباز شریف نے رجب طیب ایردوان انٹرچینج کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے رجب طیب ایردوان انٹرچینج کا افتتاح کر دیا۔رجب طیب ایردوان انٹرچینج کو 3 مراحل میں مکمل کیا گیا اور منصوبے میں شامل 1.3 کلو میٹر انڈر پاس کو 42 دن میں مکمل کیا گیا۔ انٹرچینج میں 1.1 کلومیٹر طویل فلائی اوور بھی تعمیر کیا گیا, جبکہ نکاسی آب کے لیے 10 کلو میٹر نالے بنائے گئے ہیں۔سی ڈی اے کے اس جدید انفراسٹرکچر منصوبے کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، سفری وقت میں کمی لانا اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے۔ اس انٹرچینج کی تعمیر سے امید کی جا رہی ہے کہ یہ سنگین ٹریفک مسائل کے حل میں مدد دے گا اور شہریوں کے لئے ایک آسان اور محفوظ سفر یقینی بنائے گا۔ انٹرچینج کی تعمیر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چئیرمین چودھری محمد علی رندھاوا کی زیر نگرانی مکمل کی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انہوں نے 180 یوم کی بجائے 84 دنوں میں اپنی ٹیم اور کنٹریکٹر کمپنی کے ساتھ بلاشبہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے ۔سی ڈی اے کے چئیرمین نے کہا کہ ایک کلو میٹر طویل انڈر پاس ایک ہزار میٹر سے بھی لمبا فلائی اوور آٹھ کلو میٹر سے زیادہ رابطہ سڑکیں لوپ روڈز ان کے پروجیکٹ انچارج ڈی ڈی جی پروجیکٹس اور ان کے ماتحت دن رات کام کرنے والی ٹیم نے تعمیراتی معجزہ کر دکھایا ہے۔چئیرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک)نے اس کی ڈیزائننگ اور مشاورت فراہم کی۔ منصوبے پر مجموعی لاگت 4.12 ارب روپے آئی جو سی ڈی اے نے اپنے وسائل سے فراہم کئے۔ منصوبے میں951 میٹر طویل انڈر پاس، 1,018 میٹر طویل فلائی اوور، 8 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر 10 کلومیٹر نکاسی آب کا نظام 291 ایل ای ڈی لائٹس والے پولز کی تنصیب اور لاتعداد سائن بورڈز، لین مارکنگ، کیٹ آئیز اور کرب اسٹونز ان پر سیاہ و پیلا پینٹ شامل ہیں۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح 13 فروری 2025 کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے مشترکہ طور پر ایوان وزیراعظم میں اسٹیل پلیٹ کی نقاب کشائی کر کے کیا۔ اس انٹرچینج کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جو پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔ انٹر چینج کی تکمیل سے پارلیمنٹ تا ایف ٹین اور شاہین چوک سے آئی جے پی چوک راولپنڈی کا فاصلہ دس منٹ میں طے ہو گا۔