ترجمان سندھ حکومت ارسلان شیخ کا وفاق پر بجلی 90 لاکھ بوگس یونٹ چارج کرنے کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان شیخ نے وفاقی حکومت پر الزام لگادیا۔
ایک بیان میں ارسلان شیخ نے وفاق پر سکھر شہر میں بجلی کے 90 لاکھ بوگس یونٹ چارج کرنے کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکھر کو 80 لاکھ 90 ہزار بوگس یونٹس چارج کیے جا رہے ہیں، سوا مہینے سے سکھر اور دیگر شہر اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نظام درست کریں، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ زیادتی پر چپ نہیں بیٹھے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ تھر کا دورہ کریں تو اندازہ ہوگا کہ پیپلز پارٹی سستی بجلی بنا رہی ہے۔ وفاق کو سپورٹ کرتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ خاموش رہیں، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
سندھ میں 5 لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم کب شروع ہوگی؟
کراچی:سندھ میں پانچ لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم کے حوالے سے صوبائی وزیر توانائی نے اعلان کردیا۔
عبداللہ رند گوٹھ منگھوپیر ٹاؤن میں بجلی فراہمی کی افتتاحی تقریب میں وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین نواز علی بروہی سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
شرکا نے اس موقع پر کہا کہ عبداللہ رند گوٹھ منگھوپیر ٹاؤن قیام پاکستان سے قبل کی آبادی ہے لیکن بجلی سے محروم رہی ہے ۔ یہاں 450 سے زائد گھر ہیں جنہیں پہلی مرتبہ کے الیکٹرک کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ جس کا افتتاح صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے جو سہولیات ہیں وہ ہر جگہ پہنچائی جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ ہر ایک کو بجلی دی جائے ۔ یہاں سے قریب سولر پارک بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2لاکھ سولر سسٹم کی تقسیم شروع ہوچکی ہے اور 5لاکھ سولر سسٹم دینے کی اسکیم رواں سال شروع ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بجلی نہیں پہنچی وہاں سولر فراہم کیے جائیں گے۔ سولر پارک کے لیے کوشش کریں گے کہ مقامی لوگوں کو یہاں روزگار دیں ۔ یہاں کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل تربیت دی جائے گی تاکہ روزگار کے مواقع ملیں۔ سستی بجلی سے کراچی کے شہریوں کو فائدہ ہوگا ۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جو گاؤں ریگولرائز ہونے ہیں، ان پر کام ہو رہا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری چاہتے ہیں کہ گھروں کے مالکانہ حقوق گھر کی خواتین کے پاس ہوں۔صنعتیں بھی بہت ضروری ہیں لیکن لوگوں کو بجلی فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ یہ بھلائی اور روشنی کا سفر ہے، ہر گاؤں تک بجلی پہنچائیں گے۔