متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو سیاست کے لیے استعمال کیا، فاروق ستار اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں، شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
کراچی : وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا ہے، فاروق ستار اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ حادثات کو بنیاد بنا کر کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فاروق ستار اور دیگر متحدہ لیڈران ذہن نشین کرلیں کہ الزامات سے ان کا قد اونچا نہیں ہوگا، کراچی کے عوام دہائیوں تک متحدہ کی تشدد سے بھرپور دھونس والی سیاست کے رحم و کرم پر تھے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اب متحدہ کی دھونس دھمکی نہیں چل پا رہی تو عوام کو بھڑکا کر حادثات کی بنیاد پر فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے، متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو اپنی سیاست کے لئے استعمال کیا ہے، فاروق ستار کی ہرزہ سرائی بے بنیاد، جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ پر الزامات سے قبل اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں، سندھ حکومت پر الزامات لگانے والے ماضی میں شہر کا امن اور ترقی تباہ و برباد کرنے میں ملوث رہے ہیں، لسانی فسادات، تشدد، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ متحدہ کی وطیرہ تھا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آفاق احمد کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، متحدہ مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کرے، سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے جبکہ ایم کیو ایم انتشار پھیلانے میں مصروف ہے، پشتونوں اور اردو بولنے کے درمیان نفرت پھیلانے کی سازش ایم کیو ایم خود کرتی آئی ہے، عوام جانتے ہیں کہ اصل فسادی کون ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: میمن نے کہا فاروق ستار شرجیل میمن
پڑھیں:
سیاست، جمہوریت سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں کی اجازت نہیں دینگے: نوازشریف
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ 2013ء میں تعمیر وترقی اور عوامی خوش حالی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ کسی اور کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے رائیونڈ میں اپنی اقامت گاہ پر سینٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ قائمہ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔ مسلم لیگی قائد نے کہا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں۔ اب ملک اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ان عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے جو انتشار پھیلانے اور عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔ عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو سینٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔