کراچی سے ہنی مون کیلئے وادی نیلم جانے والا نوبیاہتا جوڑا دم گھٹنے سے ابدی نیند سوگیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
کراچی سے ہنی مون منانے کے لیے وادی نیلم جانے والا جوڑا گیسٹ ہاؤس میں دم گھٹنے سے موت کی وادی میں چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کا رہائشی 25 سالہ طحہٰ علی اور ان کی 22 سالہ اہلیہ دعا زہرہ مظفرآباد سے تقریباً 145 کلومیٹر دور گاؤں میں ایک ریسٹ ہاؤس پہنچے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث انہوں نے خود کو گرم رکھنے کے لیے گیس ہیٹر چلایا اور کمرے کی تمام کھڑکیاں اور دورازے بند کردیے۔
ریسٹ ہاؤس کے عملے نے بدقسمت جوڑے کو مشورہ دیا تھا کہ وہ آدھے گھنٹے کے بعد سلنڈر کو باہر رکھ دیں، لین انہوں نے ایسا نہیں کیا، ہفتے کی صبح ریسٹ ہاؤس عملے نے تمام کمروں کے دروازوں پر دستک دی، دیگر مہمانوں نے جواب دیا، اس کمرے سے کوئی جواب نہیں آیا، جس پر تشویش پیدا ہوئی۔
بعد ازاں عملے نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو آگاہ کیا، جس کے اہلکاروں نے دروازہ کھولا تو دونوں میاں بیوی مردہ حالت میں ملے، خاتون بستر پر لیٹی ہوئی تھی جبکہ مرد فرش پر گرا ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق لاشوں کو شام کے وقت مظفر آباد منتقل کیا گیا اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
بعد ازاں میتوں کو اسلام آباد ائیرپورٹ کارگو ٹرمینل پہنچا دیا گیا، دونوں میتوں کو چار بجے کراچی روانہ کیا جائے گا۔
ایدھی حکام کے مطابق میتیں کراچی ائیر پورٹ سےملیر جعفر طیار میں واقع گھر منتقل کی جائیں گی۔
اہل خانہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا سید محمد طحہٰ مکینیکل انجینئر تھا، جاں بحق بیوی دعا زہرا بی بی اے کی طالبہ تھی، دونوں کی شادی رواں ماہ 4 فروری اور ولیمہ 8 فروری کو ہوا تھا ، جاں بحق ہونے والے میاں بیوی 11 فروری کو کراچی سے ٹرین کے زریعے روانہ ہوئے تھے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ جاں بحق نوبیاہتا جوڑے سے آخری مرتبہ فون پر بات جمعے کی رات 9 بجے ہوئی تھی، طحہٰ اور دعا نے ہفتے کی صبح گیسٹ ہاؤس سے چیک آؤٹ کرکے نیلم ویلی جانا تھا، ہمیں بتایا گیا ہے کہ گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں دم گھٹنے سے دونوں جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے مطابق گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں سلنڈر کے استعمال سے گیس بھر گئی تھی، جاں بحق میاں بیوی کی میتیں آج صبح اسلام آباد ایئرپورٹ سے کراچی منتقل کی جائیں گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، جعلی سرکاری افسر ظاہر کرنے والا ملزم گرفتار، سیکیورٹی گارڈ بھی شامل
شہر قائد کے تھانہ گارڈن کی حدود میں پولیس نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے والے ایک ملزم کو سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان سے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی اور ایک رائفل برآمد کی ہے، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت بابر خان اور نبی بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزم بابر خان خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا تھا، مگر پولیس کی تفتیش میں وہ اپنے دعووں کے مطابق دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
مزید تفتیش سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم کی جعلی سرکاری نمبر والی گاڑی میں سائرن اور ریوالونگ لائٹ بھی نصب کی گئی تھی، جو اسے سرکاری افسر کے طور پر ظاہر کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔