بھکر میں نئی نویلی دلہن لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
بھکر:
بھکر میں 6 دن کی دلہن غائب ہونے پر بے بس دولہا شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع بھکر میں شادیوں کی آڑ میں منظم گروہ کی جانب سے لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈی پی او شہزاد رفیق کے نوٹس پر نو سر باز گروہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سادہ لوح دیہاتی کو خوبرو حسینہ نے جال میں پھنسایا، ملزمہ کوثر بی بی نے اپنے دیگر تین ساتھیوں سمیت منظم گروہ بنایا ہوا ہے جو شادیوں کی آڑ میں بھاری رقم وصول کر کے رفو چکر ہو جاتے ہیں۔
متاثرہ دولہا کا کہنا ہے کہ کوثر بی بی طلائی زیورات، چوڑیاں، بالیاں لے کر فرار ہوئی، 14 لاکھ روپے چوری کا مقدمہ دلہن سمیت اس کے تین ساتھیوں کے خلاف درج کرلیا گیا۔
ملزمان میں کوثر بی بی، محمد حسین، محمد رمضان، علی محمد شامل ہیں۔ پولیس نے دو ملزمان محمد حسین اور محمد رمضان کو گرفتار کرلیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نیپرا حکام نے اپنی تنخواہوں میں 22لاکھ ر وپے تک کا اضافہ کرلیا
اسلام آباد (آن لائن)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اعلیٰ حکام نے اپنی تنخواہوں میں 3 گنا تک اضافہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق نیپرا حکام نے کابینہ کی منظوری کے بغیر اپنی تنخواہوں میں اضافہ کیا، چیئرمین نیپرا کی مجموعی تنخواہ 32 لاکھ 50 ہزار روپے ہے، نیپراعہدیداروں کی تنخواہ 29 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی، نظر ثانی شدہ معاوضہ پیکج میں 7 لاکھ 73 ہزار روپے کی بنیادی تنخواہ شامل ہے۔نیپرا حکام نے ججز کے جوڈیشل الاؤنس کی طرز پر اپنے لیے الاؤنسز کی منظوری دی، الاؤنسز میں ماہانہ 6 لاکھ 31 ہزار سے 7 لاکھ روپے ریگولیٹری الاؤنس کی منظوری دیدی۔نیپرا افسران نے 2024ء کے لیے 5 لاکھ 87 ہزار روپے سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے کا ایڈہاک ریلیف بھی حاصل کرلیا، نیپرا افسران 2023ء کے لیے 5 لاکھ 44 ہزار سے 6 لاکھ روپے کی شرح سے ایڈہاک ریلیف کے اہل بھی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق 2022ء کے لیے ایک لاکھ 5 ہزار سے ایک لاکھ 16 ہزار روپے ماہانہ، 2021ء کے لیے 70 ہزار سے 77 ہزار 300 روپے ماہانہ ایڈہاک ریلیف کے طور پر گھر کا کرایہ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔دیگر مراعات میں 96 ہزار روپے اور یوٹیلیٹی الاؤنس 32 ہزار سے 35 ہزار روپے شامل ہیں، افسران کی مجموعی تنخواہوں کا پیکج اب 29 لاکھ 50 ہزار روپے سے بڑھ کر 32 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گیا، نیپرا افسران اب اعلیٰ عدالتوں کے ججوں سے بھی زیادہ تنخواہ اور مراعات لیں گے۔ذرائع کے مطابق نیپرا افسران نے یہ ترامیم حکومت کی منظوری کے بغیر کی ہیں، نیپرا کے زیادہ تر ارکان اور چیئرپرسن عام طور پر ریٹائرڈ بیوروکریٹس ہوتے ہیں، اس وقت نیپرا کے چیئرپرسن، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 2 ارکان ریٹائرڈ بیوروکریٹس ہیں۔