لاہور میں 978 ایکڑ پر قدرتی جنگل اگانے کی مہم کا اغاز
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
لاہور:
پنجاب حکومت نے لاہور کی فضائی آلودگی اور اسموگ کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے شہر میں 978 ایکڑ پر قدرتی جنگل اگانے کی مہم کا آغاز کردیا۔
اس مہم کا مقصد لاہور کو آکسیجن حب بنانا اور شہریوں کو تازہ آکسیجن اور صاف فضا فراہم کرنا ہے۔ دریائے راوی کے کنارے وسیع سبز بیلٹ بنانے کے منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 144 ایکڑ پر ایک لاکھ پانچ ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 6 لاکھ 34 ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس منصوبے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بلکہ لاہور کی فضاؤں میں تازگی بھی آئے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ لاہور کی فضا میں بہتر آکسیجن کی فراہمی اور اسموگ کے خاتمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
پنجاب حکومت کے تحت محکمہ فارسٹ اور روڈا نے اس شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے اور اس میں ہر شہری کو شامل ہونے کی اپیل کی ہے تاکہ لاہور کو اسموگ فری بنایا جا سکے۔ ہر فرد کا شجرکاری مہم میں حصہ لینا ضروری ہے تاکہ سبز لاہور کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی ماحولیاتی حالت کو بہتر بنائے گا بلکہ پنجاب حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جو گرین انقلاب کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب میں شدید گرمی کے بعد بارشوں کا سلسلہ؛ موسم خوشگوار ہوگیا
لاہور:پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے موسم کے ساتھ ساتھ شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مغرب کی جانب سے آنے والے کم ہواؤں کے بادلوں کے لاہور اور پنجاب داخل ہونے سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، اس دوران ژالہ باری ہونے سے موسم کی شدت میں کمی آ گئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورا پنجاب گزشتہ دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا، اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا اور موسم خشک ہونے کے سبب گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس ہوئی۔
مغرب کی جانب سے کم ہواؤں کا سلسلہ جونہی لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پہنچا تو کئی مقامات پر بارش شروع ہوگئی ۔ لاہور میں آج صبح سویرے سے اب تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 اور سے زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ملازمین و افسران نکاسی آب کے لیے متحرک ہیں، تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے کا یہ سسٹم آج رات پاکستان سے نکل جائے گا اور کل سے دوبارہ خوشگوار موسم کا سلسلہ شروع ہوگا۔
پی ڈی ایم اے (پنجاب) کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع چکوال، فیصل آباد، جہلم، جوہر آباد، منڈی بہا الدین، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ جھنگ میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔