پاکستان، سعودی عرب کے وزراء خزانہ کی ملاقات، شراکت داری مزید مستحکم کرنے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللّٰہ الجدعان سے ملاقات کی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب پہلی اعلیٰ سطح سالانہ’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز‘ کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی اور سعودی وزراء خزانہ کے درمیان ملاقات تاریخی شہر العلاء میں کانفرنس کےموقع پر ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں سعودی وزیر مملکت اور رکن کابینہ ڈاکٹر حمد محمد الشیخ اور پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ کےلیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اس دوران فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کےلیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کے تسلسل کی عکاس تھی، اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات روشن ہوں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کے
پڑھیں:
العلا کانفرنس، وزیر خزانہ کی سعودی ہم منصب کے ظہرانے میں شرکت
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سعودی ہم منصب محمد الجدعان کی خصوصی دعوت پر کانفرنس میں شریک ہیں۔ کانفرنس آئی ایم ایف اور سعودی وزارت خزانہ کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں 200 شرکاء، 36 مقررین اور 48 ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ’’ابھرتی ہوئی پر استقلال منڈیوں کا راستہ‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شرکت کریں گے۔ پینل مباحثے کی میزبانی آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کریں گی جبکہ مصر، برازیل اور ترکیہ کے وزرائے خزانہ بھی مباحثے میں شریک ہوں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کو سعودی عرب کے شہر العلا میں منعقدہ ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس 2025ء کے دوران سعودی وزیر خزانہ معالی محمد الجدعان کی جانب سے اعلیٰ سطحی ظہرانہ میں مدعو کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا، بحرین کے وزیر خزانہ و قومی معیشت شیخ سلمان بن خلیفہ آل خلیفہ اور سعودی عرب کے نائب وزیر خزانہ عبدالمحسن الخلف بھی شریک تھے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ کی اس نشست میں شرکت، عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں پاکستان کی متحرک شمولیت اور علاقائی و بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔