سید شیر شاہ بخاری نے عزاداری اور ذکر اہلبیت (ع) کو فروغ دیا، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
جیکب آباد میں سید شیر شاہ بخاری کے مزار پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سندھ دھرتی اولیاء اور صوفیاء کی دھرتی ہے، جنہوں نے لوگوں کو امن اور محبت کا پیغام دیا۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سید شیر شاہ بخاری جیکب آباد شہر کی ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ جن کے عقیدت مندوں میں شیعہ، سنی مسلم اور غیر مسلم سبھی شامل تھے۔ یہ بات انہوں نے بانی فرش عزاء قبلہ سید شیر شاہ بخاری کے سالانہ عرس کے موقع پر ان کے مزار پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل انہوں نے مزار پر چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی بھی کی۔ سالانہ عرس کی تقریب میں شہر جیکب آباد کے مختلف مکاتب فکر کے عوام اور سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماء شریک ہوئے، جن میں صدر چیمبرز آف کامرس میر احمد علی خان بروہی، جماعت اسلامی جیکب آباد کے صدر حاجی دیدار علی لاشاری، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء میر راجہ خان جکرانی، میر گل حسن ٹالانی جیکب آباد، شہری اتحاد کے رہنماء ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ دھرتی اولیاء اور صوفیاء کی دھرتی ہے، جنہوں نے لوگوں کو امن اور محبت کا پیغام دیا۔ ہمارے ملک میں سب مل کر رہتے ہیں۔ سید شیر شاہ بخاری جیکب آباد شہر کی ہر دل عزیز شخصیت تھے۔ جن کے عقیدت مندوں میں شیعہ سنی مسلم اور غیر مسلم سبھی شامل تھے۔ سید شیر شاہ بخاری نے جیکب آباد میں عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ذکر اہل بیت علیہ السلام کو فروغ دیا۔ آج بھی جیکب آباد کے ہر مسلک اور مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ آپ کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ الحمدللہ ہمارے ملک میں آج بھی شیعہ سنی مسلمان مل کر رہتے ہیں، ان کے درمیان محبت اور اخوت پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سید شیر شاہ بخاری علامہ مقصود جیکب آباد
پڑھیں:
فحاشی پھیلانے والے تھیٹرز پر 3 وارننگز کے بعد تاحیات پابندی عائد ہوگی، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ تھیٹر کی آڑ میں صوبہ بھر میں فحاشی و عریانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جو تھیٹر فحاشی کو فروغ دے گا، تین وارننگز کے بعد ایسی سرگرمیوں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت الحمرا آرٹ کونسل لاہور میں کلچر رپورٹرز کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد ہوا، جس میں ڈی جی پکار تنویر ماجد، ای ڈی الحمرا توقیر کاظمی اورڈائریکٹر جنرل ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ تھیٹرز سے متعلق نیا قانون آئندہ ہفتے متعارف کروایا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب سینسر بورڈ کو بھی دو سے تین روز میں ازسرِ نو تشکیل دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ الحمرا لاہور میں جلد ایک فیملی تھیٹر شروع کیا جا رہا ہے اور 17 اپریل کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے کلچر ڈے منایا جائے گا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود شرکت کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ وہ اور پنجاب کا ہر شہری تھیٹر کو ایک فیملی انٹرٹینمنٹ کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایسے ڈرامے بننے چاہئیں جہاں لوگ بلا خوف و خطر اپنی فیملیوں کے ساتھ جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو تھیٹر فحاشی کو فروغ دے گا، اسے پہلے تین وارننگز دی جائیں گی، اس کے بعد ایسی سرگرمیوں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے محکمے میں بھی اگر کوئی افسر فحاشی پھیلانے والوں کا ساتھ دے گا، تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں تھیٹر کا نیا قانون تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا جائے، کیونکہ پاکستانی اسٹیج ڈرامے دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔