الخدمت کے تعاون سے فلسطین، لبنان اور شام کیلیے 24ویں امدادی کھیپ روانہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
کراچی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے این ڈی ایم اے نے فلسطین، لبنان اور شام میں جنگ کے متاثرین کے لیے 60 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 24 ویں کھیپ روانہ کر دی۔
امدادی کھیپ میں بھیجے گئے سامان کی مقدار 60 ٹن ہے، جس میں موسم سرما کے خیمے، ترپال اور چادریں بھی شامل ہیں۔امدادی سامان مصر کے لیے روانہ کی گئی پرواز کے ذریعے بھیجا گیا ہے، جہاں سے یہ سامان فلسطین، لبنان اور شام پہنچایا جائے گا۔
اس حوالے سے کراچی کے جناح ٹرمینل (ائیرپورٹ) پر منعقدہ تقریب میں وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران امدادی سامان کی روانگی کا عمل دیکھا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان مزید انسانی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اب تک الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان نے فلسطین، لبنان اور شام کے لیے کل 1,861 ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر یہ امدادی مہم جاری رکھی گئی ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے فلاحی تنظیموں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی امداد کے میدان میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ جنگ اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔
واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اس امدادی مہم میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ یہ امداد نہ صرف جنگ کے متاثرین بھائیوں کے لیے ہے بلکہ یہ پاکستان کی عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی ہے۔
این ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں مزید امدادی کھیپ بھی روانہ کی جائے گی۔ پاکستان کا عزم ہے کہ وہ جنگ اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کرتا رہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: الخدمت فاؤنڈیشن لبنان اور شام ڈی ایم اے کے لیے
پڑھیں:
یورپی یونین کا فلسطینیوں کے لیے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کا نیا امدادی پیکج
برسلز: یورپی یونین نے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ایک ارب 60 کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب 80 کروڑ امریکی ڈالر) کے تین سالہ مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفیٰ اور یورپی وزرائے خارجہ کے درمیان لکسمبرگ میں ہونے والی ملاقات سے قبل کیا گیا۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس نے کہا کہ یہ امداد مغربی کنارے اور غزہ میں استحکام کے لیے دی جا رہی ہے تاکہ فلسطینی عوام کی ضروریات پوری کی جا سکیں اور مستقبل میں فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کو غزہ کی حکمرانی کے لیے تیار کیا جا سکے۔
یورپی یونین، جو فلسطینیوں کی سب سے بڑی بین الاقوامی مددگار ہے، نے بتایا کہ اس پیکج میں 62 کروڑ یورو کی براہِ راست گرانٹ فلسطینی اتھارٹی کو دی جائے گی، جس سے مالیاتی استحکام، جمہوری حکمرانی، نجی شعبے کی ترقی، اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو فروغ ملے گا۔
اس کے علاوہ 57 کروڑ 60 لاکھ یورو کی گرانٹ غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اقتصادی بحالی کے منصوبوں کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ مزید 40 کروڑ یورو کے قرضے یورپی انویسٹمنٹ بینک کے ذریعے دیے جائیں گے۔
یہ امدادی پیکج 2021 سے 2024 کے درمیان دیے گئے ایک ارب 36 کروڑ یورو کے پچھلے پلان کا تسلسل ہے۔