پاکستان کے وزیر خزانہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ عزت مآب محمد بن عبداللہ الجدعان سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ مستقبل کے لیے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ ملاقات سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء میں منعقدہ ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے موقع پر ہوئی، سعودی وزیر خزانہ نے وزیر خزانہ پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ عزت مآب ڈاکٹر حمد محمد الشیخ بھی شریک تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے شرکت کی۔
ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کے تسلسل کی عکاس تھی جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات روشن کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیف جسٹس سے ترکیہ اور ایران کے سفیر کی ملاقات، عدالتی شعبے میں تعلقات کوفروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ترکیہ اور ایران کے سفیروں نےالگ الگ ملاقات کی، ملاقاتوں میں عدالتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو، اور ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے الگ الگ ملاقات کی، چیف جسٹس نے دونوں سفیروں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ترکی اور ایران کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ تعلقات کی تعریف کی، اور تینوں ممالک کے عوام کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔
ترک سفیر کے ساتھ ملاقات میں چیف جسٹس نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط عدالتی تعلقات کو تسلیم کیا اور شریعہ اکیڈمی کے ساتھ ترکی کے عدالتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے جاری تعاون کی تعریف کی۔
چیف جسٹس نے زور دیا کہ ضلعی عدلیہ کو بھی عدالتی تعاون کا حصہ بنایا جائے تاکہ عدالتی افسران کو عدالت کے انتظام، ڈیجیٹلائزیشن اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں ترکی کے طریقوں سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے۔
ترک سفیر نے چیف جسٹس ترکیہ کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور عدالتی تعاون کو مزید فروغ دینے میں ترکیہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات میں چیف جسٹس نے پاکستان اور ایران کے درمیان عدالتی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا جس کی ایرانی سفیر نے بھی تائید کی۔
ایرانی سفیرنے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقرری پر ایران کے چیف جسٹس کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور انہیں ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے چیف جسٹس مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بناتے ہیں۔
چیف جسٹس نے دونوں سفرا کو یادگاری تحائف پیش کیے، جبکہ ترکیہ اور ایران کے سفرا نے بھی چیف جسٹس کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔