چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اہلیہ کے ہمراہ یتیم بچوں سے ملنے پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
پشاور:
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اہلیہ کے ہمراہ یتیم بچوں سے ملنے ایس او ایس ولیج پہنچ گئے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حیات آباد پشاور میں واقع ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ہمراہ تھیں۔ چیف جسٹس پاکستان کی آمد پرانہیں ولیج کی ڈائریکٹر کوکب بتول قریشی نے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی۔
دورے کے دوران چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ نے بچوں سے ملاقات کی اور ان کی روزمرہ سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لی۔ دونوں نے بچوں کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا اور ان کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
چیف جسٹس پاکستان اور ان کی اہلیہ نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم میں بہترین کارکردگی دکھائیں تاکہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ معاشرے کے لیے بھی مفید ثابت ہوں۔
چیف جسٹس نے ایس او ایس ولیج کی ڈائریکٹر کی خدمات کو سراہا اور ان کی جانب سے ادارے میں نظم و ضبط، اعلیٰ تعلیمی معیار اور عمدہ دیکھ بھال کو برقرار رکھنے کی کوششوں کی تعریف کی۔
چیف جسٹس نے بچوں اور ایس او ایس ولیج کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ جب بھی ضرورت محسوس کریں، ان کے لیے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایس او ایس ولیج پشاور وہ ادارہ ہے جس کی سرپرستی چیف جسٹس پاکستان کے مرحوم والد عمر خان آفریدی زندگی بھر کرتے رہے۔
فلاحی ادارہ ایس او ایس ولیج پشاور نجی عطیات کے ذریعے چلایا جاتا ہے،اس وقت ادارے میں تقریباً 121 بچے مختلف عمروں کے، جن کی عمر 25-26 سال تک ہے، مقیم ہیں۔ یہ ادارہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو رہائش فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، بچوں کو ماسٹرز لیول تک معیاری تعلیم اور تکنیکی مہارتیں فراہم کی جاتی ہیں اور ان کی شادیوں کے انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیف جسٹس پاکستان ایس او ایس ولیج اور ان کی نے بچوں
پڑھیں:
پشاور ہائیکورٹ: چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کے دور میں 23 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے
پشاور:پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ بطور چیف جسٹس ان کے 11ماہ کے دور میں 23ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد سینئر ترین جج جسٹس اعجاز انور کو چیف جسٹس مقرر کیے جانے کاامکان ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم 11 اگست 2016 کو پشاور ہائی کورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے اور انہوں نے 15 اپریل 2024 کو بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا حلف اٹھایا تھا، ان 11 مہینوں میں پشاور ہائی کورٹ میں 20 ہزار 438 مقدمات دائر ہوئے اور اس دوران 23 ہزار 317 مقدمات نمٹائے گئے۔
بطور چیف جسٹس ان کی مقدمات نمٹانے کی شرح 113 فیصد رہی، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور ہائی کورٹ جج 19 ہزار 800 مقدمات کے فیصلے کیے ہیں، انہوں نے حال ہی میں وراثتی مقدمات جلد نمٹانے کے لیے خصوصی وراثتی عدالتیں بھی قائم کیں اور سروس ٹریبونل میں آن لائن مقدمات کا آغاز بھی کیا۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے گرمیوں کی چھٹیاں ختم کرکے خصوصی بینچ شکیل دیے تھے اور مختلف نوعیت کے مقدمات کو کیٹگریز میں تقسیم کیا تھا تاکہ انہیں جلد نمٹایا جاسکے۔
ان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد چیف جسٹس کے عہدے کے لیےسینئر ججوں میں جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ شامل ہیں۔