حکومت نے ایف بی آر سے پالیسی سازی کے اہم اختیارات واپس لے لیے
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے بعض اہم اختیارات واپس لے کر وزارت خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اب ٹیکس پالیسی سازی اور ٹیکس وصولی کو علیحدہ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایف بی آر صرف ٹیکس وصولی تک محدود رہے گا۔ ایف بی آر کا کام صرف ٹیکس تجاویز پر عملدرآمد تک محدود ہو گا اور وہ اپنے ریونیو میں اضافے کے لیے ان تجاویز کو نافذ کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
وزارت خزانہ میں قائم ہونے والا ٹیکس پالیسی آفس براہ راست وزیر خزانہ اور وزیر برائے ریونیو کو رپورٹ کرے گا۔ یہ آفس حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کرے گا اور ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، اس آفس میں ڈیٹا ماڈلنگ، ریونیو اور اقتصادی پیش گوئی کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں کا تجزیہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، یہ تبدیلی آئی ایم ایف کے دیرینہ مطالبے کا نتیجہ ہے، جس میں ٹیکس پالیسی سازی اور وصولی کے عمل کو خود مختار بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
ٹیکس پالیسی آفس انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایف ای ڈی سے متعلق حکومتی پالیسی رپورٹس تیار کر کے وزیر خزانہ کو پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ، ٹیکس فراڈ کی روک تھام کے لیے خامیوں کی نشاندہی کر کے ٹیکس کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس پالیسی آفس اگلے مالی سال سے کام شروع کرے گا۔ تاہم، نوٹیفکیشن میں اس بات کی کوئی تاریخ درج نہیں کی گئی کہ کب یہ آفس وزارت خزانہ کو منتقل ہوگا، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ مالی سال تک اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ٹیکس پالیسی آفس ایف بی آر کرے گا
پڑھیں:
ججز تقرری کیس، گلگت بلتستان حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی
رپورٹ کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ججز کی تقرری کے طریقہ کار پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے تحت ججز کی تقرری کرے گی۔ اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ججز کی تقرری کے طریقہ کار پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے تحت ججز کی تقرری کرے گی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ ججز کی تقرریوں میں ناانصافی نہیں ہونی چاہیے ورنہ مسائل پیدا ہوں گے۔ عدالت نے باقی تمام درخواستوں پر سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔