حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اعجاز الحق نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا قومی و ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے، ہم جس دور سے گزر رہے ہیں وہ میڈیا کا دور ہے، میڈیا کے ذریعہ سے ہی قوم کامیاب ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت منعقدہ دس روزہ بعنوان سوشل میڈیا ٹریننگ کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اعجاز الحق نے مزید کہا کہ زمانہ حاضر میں میڈیا قوموں کے عروج اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، ہم سوشل میڈیا کے ذریعے سے دینی مدارس کے طلباء کو بیدار کریں گے۔ جمعیت طلبہ عربیہ کی جانب 10 روزہ سوشل میڈیا ٹریننگ کورس کی تقریب کااختتام ہوگیا،سندھ بھر کے اضلاع سے طلبہ کی شرکت ،تقریب سے جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے منتظم اصغر علی سمیجو سابق منتظم صوبہ حافظ حذیفہ احمد خان جمعیت اتحادالعلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید سمیت مولانا آفتاب احمد ملک،جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے جنرل سیکرٹری اسحق احمد منتظم کراچی حافظ سکندر ملک نے خطاب کیا۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: جمعیت طلبہ عربیہ سوشل میڈیا

پڑھیں:

مثبت معاشی اشاریے

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران بتایا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر آئی ایم ایف کے نہ ماننے کا کھٹکا اب نہیں رہا ہے، آئی ایم ایف کے سربراہ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا منصوبہ بناکر لائیں، ہم بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے، حکومت کو اس حوالے سے جامع منصوبہ بنانا چاہیے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے صارفین کو ریلیف دیا جاسکے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزیدکہا کہ ملک میکرو اقتصادی استحکام کے بعد شرح نمو میں اضافہ کی راہ پر گامزن ہے، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت کے فروغ کے لیے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ انھوں نے دورہ ابوظہبی کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر سے سرمایہ کاری سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات میں مثبت تجاویز پیش کی گئیں،وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے دبئی میں بھی ملاقات ہوئی، انھوں نے ہماری اقتصادی ٹیم کی بہت تعریف کی۔ انھیں بتایا کہ ترقی تب ہو گی جب پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، ڈیوٹیوں کا نظام بہتر ہو گا اور توانائی کی قیمت میں کمی آئے گی، اس سے ہماری پیداوار بڑھے گی اور ہم دنیا کے دیگر ممالک کا مقابلہ بھی کر سکیں گے جس سے ایم ڈی آئی ایم ایف نے مثبت انداز میں اتفاق کیا اور کہا کہ آپ بجلی قیمتوں میں کمی کا اپنا پلان لے کر آئیں ہم اس پر غور کریں گے جس کے بعد صوبوں کے ساتھ مل کر پلان کی تیاری پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

آئی ایم ایف سربراہ کا کہنا تھا کہ جب یہ پروگرام ہمارے فورم پر زیر بحث تھا تو بہت سی منفی باتیں کی گئیں، ہم نے دیکھا کہ ماضی کی باتوں کو دہرایا گیا، میں نے رسک لے کر یہ فیصلہ کیا ہے اور میں باور کرانا چاہتی ہوں کہ ماضی گزر چکا اور اب صورتحال مختلف ہے۔ میں نے ایم ڈی آئی ایم ایف کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر مخالفین کو غلط ثابت کرکے دکھائیں گے۔ ترسیلات زر میں اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کا عکاس ہے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔

کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ملکی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں افراط زر میں کمی کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انھوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان معاشی بحالی کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انھوں نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے وزیر اعظم کی قیادت اور ذاتی عزم کی بھی تعریف کی اور طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور مؤثر گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے آئی ایم ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایکس پر ایک بیان میںکرسٹالینا جارجیوا نے کہا شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم سے مثبت اور مفید بات چیت ہوئی۔ آئی ایم ایف کے تعاون سے اصلاحات کے پروگرام کے متعلق پاکستان کے عزم سے خوشی ہوئی۔ اصلاحات سے شرح نمو اور نوجوان آبادی کوروزگار کی فراہمی میں نمایاں اضافے کی راہ ہموار ہوگی۔ نوجوانوں کی ترقی اور روزگار سے متعلق پاکستانی حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ دبئی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا نے کہا اے آئی ٹیکنالوجی کسی سونامی کی طرح عالمی لیبر مارکیٹ سے ٹکرائی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں ساٹھ فیصد، ترقی پذیر ممالک میں40فیصد جب کہ غریب ممالک میں26 فیصد ملازمتوں کو اے آئی ٹیکنالوجی سے خطرہ لاحق ہے۔

پاکستان کی معاشی کارکردگی سے آئی ایم ایف حکام کا مطمئن ہونا، اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے ۔ پاکستان ہی نہیں عالمی سطح پر معاشی چیلنجز موجود ہیں، پاکستان میں دہشت گردی نے جو سر اٹھایا ہے ، پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل آپریشن کیا ہے اور وہ اسے جاری رکھے ہوئے ہے ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے ہم فتنہ الخوارج کو ملک پر فرسودہ سوچ مسلط نہیں کرنے دیں گے،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یونیورسٹی اور کالج کے طلباء کے نمائندہ گروپ سے خطاب میں زور دیا کہ وہ پاکستانیت کو اپنائیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی اور ایسی مہارتیں پیدا کریں جو ملکی ترقی میں مثبت کردار میں معاون ثابت ہو۔ عوام، بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے،ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور رہے گی، ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے بیرونی خطرات بالخصوص سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کے متعلق بھی نقطہ نظر پیش کیا۔ انھوں نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔انھوں نے دہشت گردی کی جنگ کے خلاف قومی جدوجہد میں عوام کی قربانیوں جب کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو سراہا۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کی فکری نشوونما میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور اقدار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیا ہے‘ ایک ایسا وقت بھی تھا جب پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں‘ آئی ایم ایف پاکستان کو بیل آؤٹ پیکیج بھی دینے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ ملک کے اندر انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کا دور دورہ تھا‘ اس صورت حال میں پہلے نگران حکومت نے اور بعد میں موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات بہتر ہوئے‘ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا‘ دہشت گردی کے حوالے سے حکومت نے واضح لائن اختیار کی‘ پاک فوج نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا‘ ان عوامل نے یکجا ہو کر ملکی معیشت پر اثرات مرتب کیے‘اب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی بہتر پوزیشن میں ہیں‘ افراط زر میں بھی کمی آئی ہے‘ اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں بھی کمی کی ہے۔

 ملک کے اندر جمہوری ادارے کام کر رہے ہیں‘ پارلیمنٹ اپنا رول ادا کر رہی ہے‘ ملک کی معاشی ٹیم کی کارکردگی بہتر جا رہی ہے‘ آئی ایم ایف نے بھی اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے‘ دہشت گردی کی بھی کمر توڑ دی گئی ہے‘ ملک کے اندر انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کا ماحول بھی ختم ہو گیا ہے‘ کاروباری کلچر فروغ پا رہا ہے‘ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست ٹریک پر آ گئی ہے۔

 اب بھی منفی قوتوں نے پروپیگنڈا کیا کہ شاید آئی ایم ایف پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کرنے والا ہے لیکن یہ پروپیگنڈا بھی ختم ہو گیا ہے کیونکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اب اگر حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس سے عام صارفین کو ریلیف ملے گا۔ پاکستان میں توانائی کے ذرائع خاصے مہنگے ہیں‘ معیشت جیسے جیسے بہتر ہوتی جائے گی حکومت اس قابل ہو جائے گی کہ وہ توانائی کے ذرائع کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کر دے‘ حکومت نے اس سلسلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ پاکستان کو ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے‘ معاشی استحکام سے نکل کر معاشی بلندی کی طرف سفر کا آغاز کرنا ہو گا۔

متعلقہ مضامین

  • چین کی ترقی دنیا کے لیے خطرہ نہیں:صدر آصف علی زرداری:
  • قومی کرکٹر نسیم شاہ کے ہمشکل بھارتی شہری کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی
  • ۔14 فروری کا دن حیا ڈے کی مناسبت سے منایا جائے گا، حسن بلال ہاشمی
  • گلشن ٹاؤن چیئرمین فواد احمد کی جمعیت کے کتب میلے میں شرکت
  • مثبت معاشی اشاریے
  • لاہور، پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے زیراہتمام ’’حیا واک‘‘ کا انعقاد
  • ملکی ترقی میں قومی زبان کا کردار
  • طلبہ یونین کے الیکشن کے بغیر جمہوری نظام ادھورا ہے،عمیر شامل
  • جماعت اسلامی کے رہنما و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت کراچی یونیورسٹی میں 3 روزہ سالانہ کتب میلے کا دورہ کررہے ہیں