کراچی کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی: ایک لمحہ فکر!
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
سید راشد علی ترمذی
کراچی جو پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور ترقی کا مرکز ہے، آج ظلم و زیادتی کا شکار ہو چکا ہے۔ یہاں کے باسیوں، خصوصاً اردو بولنے والوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کبھی انہیں روزگار کے مواقع سے محروم کیا جاتا ہے، تو کبھی ان کے تعلیمی حقوق پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا المیہ ہے جس پر ہر ذی شعور شخص کو سوچنا چاہیے۔
کسی بھی قوم کی ترقی کا دارو مدار اس کے نوجوانوں کی تعلیم پر ہوتا ہے، لیکن کراچی کے طلبہ کو اس بنیادی حق سے بھی محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آئے روز ایسی شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ امتحانات میں ان کے نمبروں میں دانستہ رد و بدل کیا جاتا ہے تاکہ ان کی تعلیمی کارکردگی کو کمزور ثابت کر کے انہیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے سے روکا جا سکے۔ دوسری طرف، اندرون سندھ کے طلبہ کو غیر معمولی نمبر دے کر انہیں کراچی کے پروفیشنل کالجز میں داخل کرایا جاتا ہے، جبکہ مقامی طلبہ ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں۔ یہ تعلیمی نسل کشی نہیں تو اور کیا ہے؟ کراچی کے بچوں کے ساتھ یہ سلوک نہ صرف ناانصافی بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، تاکہ ایک مخصوص طبقے کو آگے بڑھنے سے روکا جا سکے۔ یہ ناانصافی ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب دنیا بھر میں میرٹ اور قابلیت کو بنیاد بنایا جا رہا ہے، مگر یہاں جان بوجھ کر کراچی کے طلبہ کو پسماندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان کے مقتدر ادارے، جو ہر مسئلے پر اپنی رائے دینے میں دیر نہیں کرتے، اس سنگین مسئلے پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ وہ جو قانون کی بالادستی اور انصاف کی بات کرتے ہیں، کراچی کے طلبہ کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی پر کیوں لب نہیں کھول رہے؟ کیا انہیں نظر نہیں آتا کہ ایک منظم طریقے سے اردو بولنے والے نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کو تباہ کیا جا رہا ہے؟
یہ وقت خاموش بیٹھنے کا نہیں، بلکہ آواز بلند کرنے کا ہے۔ اگر کراچی کے لوگ اب بھی خاموش رہے تو ان کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔
یہ شہر، جو پاکستان کو 70 فی صد سے زیادہ ریونیو فراہم کرتا ہے، اس کے شہریوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کب تک جاری رہے گا؟ ہم تمام مقتدر اداروں، حکومتی نمائندوں اور عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ناانصافی کا فوری نوٹس لیا جائے۔ کراچی کے طلبہ کو ان کا تعلیمی حق دیا جائے، امتحانی نمبروں میں کی جانے والی جانبداری کا خاتمہ کیا جائے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔ اگر آج اس ظلم کے خلاف آواز نہ اُٹھائی گئی تو کل کو کراچی کا نوجوان اپنی تعلیم، مستقبل اور حق سے مکمل طور پر محروم ہو جائے گا۔ یہ شہر ہمارا ہے، اس کے بچوں کا حق بھی ہمارا ہے! کراچی کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی بند کرو!
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کراچی کے طلبہ کی جا رہی ہے کے طلبہ کو جاتا ہے کے ساتھ کیا جا
پڑھیں:
مریم نواز کی ترکیہ کے نائب صدر سے ملاقات، تعلیمی منصوبوں، معاشی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق
انا طولیہ (نوائے و قت رپورٹ) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ملاقات کی۔ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم 2025 کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز میں ملاقات ہوئی۔ نائب صدر جودت یلماز نے ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے کانفرنس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی امکانات، تجارت، تعلیم اور ہنر کی ترقی پر مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے نائب صدر ترکیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان دو بھائی ہیں۔ مریم نواز نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔ رہنماؤں نے ہنرمند افرادی قوت اور گلوبل سکل میپنگ میں تعاون پر بات چیت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ترکیہ کے نائب صدر کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعلی مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ کو صوبہ پنجاب میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی مریم نواز شریف نے انا طولیہ ڈپلومیسی فورم میں ترک خاتون اول کی دعوت پر کلچرل شو میں شرکت کی۔ ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردگان کے ہمراہ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سٹال کا دورہ کیا۔ دوسری طرف وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایرانی صوبے سیستان میں 8 معصوم پاکستانیوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے المناک واقعہ پر گہرے رنج والم کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے جاں بحق شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ بے گناہ افراد کا بہیمانہ قتل انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منفرد اداکار جاوید کوڈو کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔