کائنات کتنی وسیع ہے۔ اس کا ادراک انسانی شعور اور ترقی کو ابھی تک نہیں ہو سکا نہ ہی کسی اور مخلوق کو کبھی ہو سکے گا لیکن یہ کیسی بات ہے کہ حقیقی اہل معرفت شخصیت کے سینے میں کائنات تیرتی پھرتی ہے۔ جی ہاں کئی ہوں گے مگر وہ محض زبان سے نہیں یقین کے ساتھ حق کی گواہی تسلیم کرتے اور اس میں غوطہ زن رہتے ہیں۔ اس اظہار کے لیے چار الفاظ پر مبنی لا اِلہ الا اللہ کلمہ ہے۔ جو سب جانتے ہوئے بھی اس احساس میں مبتلا ہو کہ اسے کچھ علم نہیں۔ دراصل وہ معرفت پا گیا۔ معرفت یعنی جان گیا پہچان گیا۔ حقیقت کو چھو گیا اس چھو جانے سے بس قدم آگے بڑھے لگن اور جستجو کے ساتھ تو وہ معرفت الٰہی پا گیا۔ معرفت الٰہی پھر کسی کوشریک نہیں ہونے دیتی۔ یکتائی میں دخل قہر کا سبب بن جاتا ہے۔ معرفت الٰہی پا جانے کے بعد تمام خوف مٹ جاتے ہیں حتیٰ کہ موت کا خوف بھی وصال کے شوق میں بدل جاتا ہے۔ انسانی معاشرت، منافقت کا شاہکار کیوں بن گئی کہ جیسے نظر آتے ہیں ویسے ہوتے نہیں۔ اس کرب سے نکلنے کا کتنا آسان نسخہ ہے کہ جیسا دکھائی دینا چاہتے ہو ویسا بن جاﺅ۔ آج دل تھا کسی اور موضوع کے بجائے من کے اندر کی طرف منکشف ہوتے ہوئے دریچوں کے اندر جھانکوں جن پر ایک روحانی شخصیت نے دستک دی اور کہا کہ کبھی لا الہ الا اللہ پر بھی غور کرو۔ اُف میرے خدایا یہ چار الفاظ کا کلمہ کائنات کا اول آخر ہے جب کچھ نہیں تھا یہ تھا اور جب کچھ باقی نہ رہے گا تو پھر یہی صدا آئے گی لا الہ الا اللہ میں محض زبان کی نوک سے ادا کیے جانے کے انداز کی بات نہیں کرتا یقین اور صرف یقین کی بات کرتا ہوں۔ کبھی کسی قبرستان سے گزریں جہاں ارواح کے بدن ایک بار پھر سب کچھ مٹ جانے کے انتظار میں ہیں جب پکارا جائے گا لا الہ الا اللہ اس کا یقین ایسے قبرستانوں، شمشان گھاٹوں سے گزریں تو اور بھی بڑھ جاتا ہے جس کا ایک درس استغفار، صبر اور شکر تمام مذاہب کی یہ تین دیواریں اور سامنے عبادات کے طریقے ہیں۔ اپنے اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق عام معرفت کے معنی تو سب جانتے ہیں کہ تو جانتا اور پہچانتا ہے۔
جو دنیاوی علم اور کامیابی کیلئے الگ ہے مگر قرب الٰہی کے لیے معرفت الٰہی لازم ہے اللہ کی معرفت اس کو مانتے چلے جانے میں چھپی ہے۔ اس کی مخلوقات کے مشاہدے اور مخلوقات کی بے بسی میں چھپی ہے۔ تاریخ کے کھنڈرات میں چھپی ہے۔ ڈھلتے بدن، جانداروں کے روبہ زوال اعضاءمیں چھپی ہے اور پھر بڑے بڑے شہ زور اولیاءاللہ تو درکنار اس کے پیغمبر جن کی وجہ سے انسان اشرف المخلوقات کہلائے ان کے، اپنے اپنے مسکن میں خود آرام فرماتے ہوئے، پیغام میں چھپی ہے بزرگوں کے بقول معرفت الٰہی کہ آدمی اللہ کو پہچانے۔ وہ اپنے شعور کو اِس طرح بیدار کرے کہ اس کو خالق اور مخلوق، عبد اور معبود کے درمیان تعلق کی گہری پہچان ہو جائے۔ معرفت شعوری دریافت کا نام ہے، وہ کسی پُراسرار چیز کا نام نہیں۔ ادراک معرفت یا عرفان کا لغوی مطلب ہے کہ آدمی کسی چیز کی علامت میں غور و فکر کر کے اس کی حقیقت کو دریافت کرے۔ اللہ کی معرفت یہ ہے کہ انسان اللہ کو اس کی نشانیوں میں غور و فکر کے ذریعے دریافت کرے، نہ کہ اس کی ذات میں۔اِس سے معلوم ہوا کہ معرفت کا تعلق مجرد علم سے نہیں ہے، بلکہ معرفت کا تعلق غور و فکر سے ہے۔ علم کسی آدمی کے اندرمعرفت کی ابتدائی صلاحیت پیدا کرتا ہے، یعنی چیزوں پر گہرائی کے ساتھ غور و فکر کرنا۔ جب کوئی شخص معرفت کو اپنا مرکزِ توجہ بناتا ہے، وہ مسلسل طور پر اس کے بارے میں سوچتا ہے، وہ تخلیقات میں خالق کو جاننے کی کوشش کرتا ہے۔ اِس غور وفکر کے نتیجے میں اس کے اندر ایک نئی شخصیت ابھرتی ہے۔ جس شخص کو اِس قسم کی معرفت حاصل ہو جائے، وہ انتہائی سنجیدہ شخص بن جاتا ہے۔ وہ ہر چیز کو عارفانہ نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ شدت کے ساتھ اپنا محاسبہ کرنے لگتا ہے۔ اس کی عبادت اور اس کے اخلاق و معاملات میں معرفت کے اثرات دکھائی دینے لگتے ہیں۔ اس کو فرشتوں کی ہم نشینی حاصل ہو جاتی ہے۔ اس کا لگاو¿ سب سے زیادہ ان چیزوں میں ہو جاتا ہے جو معرفت کی غذا دینے والی ہوں۔ وہ معرفت کے ماحول میں جیتا ہے اور معرفت کی ہواو¿ں میں سانس لیتا ہے۔
اب یہ یاد رہے کہ لا الہ الا اللہ کی حقانیت پر صرف جو مسلمان قبضہ سمجھتے ہیں ایسا ہرگز نہیں یہ تسبیح تو کائنات کی ہر چیز کرتی ہے یقینا انسان سے زیادہ کرتی ہو گی کچھ علماءروحانی ابلاغ میں ابتلا اور رغبت کو شخصیت پرستی کہتے ہیں اور اس کے مخالف ہیں۔ کیا ناصح کا خیال اس سے رغبت اس کا روح و بدن میں سرایت کر جانا بدعت ہے، نہیں یہ بے اختیاری ہے جو مولانا رومیؒ ہوں یا اقبالؒ بھی مبتلا رہے خود صحابہ اجمعین اور انبیاءبھلے اولاد کی جدائی میں ہو اس میں مبتلا رہے۔ دراصل ان زبانی جمع خرچ کرنے والوں کا گزارا چلتا ہے انسان جبلتی طور پر یقین چاہتا ہے، سرشاری کی تلاش میں ہوتا ہے۔ محبوب حقیقی تک پہنچنے کے راستے اور ہستیاں بھی اسے محبوب ہوتے ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی پرندہ مارنے کے بعد زندہ کر دکھانے کی بات کی جس پر رحمن نے کہا کہ ابراہیم تم بھی۔ حضرت ابراہیمؑ نے کہا کہ اللہ میں یقین رکھتا ہوں بس ذرا اطمینان کے لیے اور پھر رحمت العالمین جو عالمین کے لیے رسول اور پیغمبر کے دست مبارک پر بیعت کرنے والوں کے لیے اللہ نے فرمایا کہ جس نے رسول کے ہاتھ پر بیعت کی اس نے میرے ہاتھ پر بیعت کی جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے میری اطاعت کی اور دوسری جگہ فرمایا اے نبی مٹی کی مٹھی جو آپ نے کفار کی طرف پھینکی وہ آپ کی نہیں میری مٹھی تھی (مفہوم) کیا کسی کو اندازہ ہے کہ صحابہ اجمعین کے ایمان کا قلزم کس طرح فراٹے بھرتا ہو گا۔ یہ نشانیاں اور عظمتیں دراصل انسانوں کے اطمینان اور سکون اور آقا کے رتبے جن کا ذکر بلند کیا گیا کو ثابت کرنے کا اعلان کرنے کے لیے ہیں۔ آپ ذرا غور فرمایئے کہ کرونا جو قیامت کا ٹریلر تھا دنیا کی تمام ترقی انسان کی تمام کامیابی اس وائرس کے سامنے ڈھیر نہ ہوئی تھی اگر کرونا محبوب کو محبوب سے دور کر گیا، بیٹوں کو باپ سے، ماﺅں کو جگر گوشوں سے اجتناب کا درس دے گیا۔ کلب، بازار، مارکیٹ حتیٰ کہ دل سنسان ہو گئے اور سناٹوں کا شور عام ہو گیا۔ اس سناٹے اس میں کیا کوئی دوسری آواز رہ گئی تھی سوائے لا الہ الا اللہ کے اور تو اور ملحدین کے روح و قلوب سے بھی دم توڑتے ہوئے شور سے ہی آواز آتی تھی لا الہ الا اللہ۔ (جاری ہے)
ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: معرفت ال ہی غور و فکر جاتا ہے کے ساتھ کے لیے
پڑھیں:
استقامت کا پہاڑ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ
دین اسلام زندہ و تابندہ ہے اور تاقیامت دنیا کی تاریکیاں اس کے تعلیمات سے روشن رہیں گی کیوں کہ دین اسلام کے راستے میں قربانیاں دی گئیں ان قربانیوں کا یہ صلہ ہے ۔امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا شمار بھی ان نفوس قدسیہ میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے دین اسلام کو اپنے لہو سے سینچا۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ 164ہجری میں بغداد میں پیداہوئے۔ان کا خاندانی تعلق عرب کے ایک قبیلہ ’’شیبان‘‘ سے تھا۔والد کاسایہ کمسنی ہی میں سر سے اٹھ گیا لیکن بیوہ ماں نے اپنے بیٹے کی تعلیم وتربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ابتدائی تعلیم اپنے آبائی وطن بغداد میں حاصل کرنے کے بعد عصری علوم یعنی فقہ و حدیث کے حصول کے لئے خود کو آمادہ و تیار کرلیا اور کم عمری ہی میں فقہ اور علم حدیث میں مہارت حاصل کرلی اور عظیم حافظ حدیث کہلائے جانے لگے۔
امام احمد بن حنبل فقہی اصولوں کے بارے یہ رائے رکھتے تھے کہ قرآن اور احادیث ان کے بنیادی ماخذ ہیں ۔جہاں کہیں قرآن و حدیث میں واضح دلیل دستیاب نہ ہوتی تو پہلی وآ خری ترجیح اقوال صحابہ رضی اللہ ھم اجمعین کو دیتے ۔
آپ قیاس اور اجماع کو انتہائی محدود پیمانے پر توجہ کے قابل گردانتے تھے۔آپ کی صعوبتوں کا آغاز تب ہوا جب آپ نے عباسی دور میں معتزلہ کے اٹھا ئے فتنے کہ ’’قرآن مخلوق ہے‘‘ کے عقیدے کے خلاف آواز بلند کی ۔
خلیفہ مامون کا دور تھا وہ معتزلیوں کا عقیدت مند تھا پس اس نے امام کی گرفتاری کا حکمنامہ جاری کردیا۔یہ سلسلہ یہیں تمام نہیں ہوا بلکہ مامون کے بعد جب معتصم نے خلافت سنبھالی تواس نے سزا کا سلسلہ تیز تر کردیا۔اہل سنت کے عقیدے کا دفاع کرنے پر امام علیہ الرحمت کوکوڑے مارے گئے اتنے کہ ان کا جسم ادھڑ کر رہ گیا مگر انہوں نے صدائے حق پر وہ استقامت دکھائی کہ دنیا حیران زدہ رہ گئی۔قیدو بند کی صعوبتیں امام احمد بن حنبل کی استقامت کو متزل نہ کر سکیں۔
معتصم کے اقتدار کے خاتمے کے بعد متوکل خلافت کے سنگھاسن پر براجمان ہوا تو حالات کا رخ بدل گیا ۔اب امام احمد کی سزائیں ختم کی گئیں انہیں عزت و احترام کے ساتھ رہا کیا گیا یوں عوام دل و جان سے ان کی قدر کرنے لگی۔
امام احمد بن حنبلؒکی مشہور تصنیف ’’المسند‘‘ ہے ۔جواحادیث نبویﷺ کا عظیم مجموعہ ہے جس میں احادیث کو راویوں کے اعتبار سے مرتب کیا گیا ہے ۔یہ مجموعہ تقریبا ً چالیس ہزار احادیث اپنے اندر سمائے ہوئے ہے۔جسے امام نے اصحاب رسول ﷺ کے اسمائے گرامی کے مطابق ترتیب دیا ہے ۔جس میں ہر صحابیؓ کی روایات کا جدا جدا ذکر کیا ہے۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ علیہ نے المستند کے مضامین انتہائی سلیقے سے بیان کئے ہیں جن میں عقائد و توحید، سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم، فقہ و احکام،اخلاق و آداب ، فضائل و اعمال اور فتنوں سے متعلق پیش گوئیاں فرمائی گئی ہیں۔ مذکورہ مجموعے میں انتہائی جامعیت کے ساتھ احادیث کو ان کے مقام و اقسام مثلاً ضعیف، حسن اور صحیح احادیث جمع کی ہیں ۔
امام احمد کا نقطہ نظر یہ تھا کہ’’ ہر وہ حدیث جو کسی نہ کسی طرح نبی علیہ السلام سے منسوب ہواسے ضائع نہیں کرنا چاہیے‘‘ امام نے اپنے مجموعہ احادیث میں سند کی مضبوطی کو ملحوظ خاطر رکھا، مسند میں صحیح اور حسن درجے کی احادیث کو فوقیت دی تاہم بعض ضعیف روایات شامل کیں جن کی وضاحت بعد کے محدثین نے کی۔اس مجموعے میں سات سو سے زائد صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی مرویات جمع کی گئی ہیں۔
امام احمد نے متعدد ایسی احادیث جو حدیث کی دیگر کتب میں ناپید ہیں انہیں اس مجموعے میں محفوظ کیا گیا ہے۔امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ 241ھ میں اپنی جنم بھومی بغداد ہی میں مالک حقیقی سے جاملے ،ان کی نماز جنازہ میں لاکھوں لوگوں نے جوق در جوق شرکت کرکے امام کے علمی مقام پر مہر تصدیق ثبت کی۔انا للہ وانا الیہ راجعون