بھارتی اداکارہ جیکولین کو ویلنٹائن ڈے پر 112 کروڑ مالیت کا جہاز تحفے میں مل گیا
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر 112 کروڑ روپے مالیت کا تحفہ ملا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2015ء میں کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں گرفتار سوکیش چندر شیکھر نے اپنی دوست جیکولین فرنینڈس کو ایک پرائیویٹ جیٹ تحفے میں دیا ہے۔
سوکیش چندر شیکھر نے جیل سے بھیجے گئے ایک رومانوی خط میں اس تحفے کا انکشاف کیا۔ خط میں انہوں نے بتایا کہ یہ گلف اسٹریم جیٹ جیکولین کے لیے ہے جس کا رجسٹریشن نمبر اداکارہ کی تاریخ پیدائش اور مہینے پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ یہ تحفہ اس لیے دیا گیا ہے تاکہ جیکولین اپنے کام کے سلسلے میں دنیا بھر کا بآسانی سفر کرسکیں۔
سوکیش نے خط میں یقین دہانی کرائی کہ اس تحفے سے جیکولین کو کسی قانونی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ یہ جیٹ جرم کی کمائی سے نہیں خریدا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس جیٹ کو اپنے ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کر رہے ہیں اور گفٹ ٹیکس بھی ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ سوکیش چندر شیکھر مالی فراڈ کے الزام میں کئی برس سے جیل میں قید ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
’فرسٹ لیڈی آف انڈین اسکرین‘ کی خوش نصیب اداکارہ کون تھیں؟ جانیے
MUMBAI:فرسٹ لیڈی آف انڈین اسکرین نے انگریزی فلموں میں بھی کام کیا تھا، ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت کیلئے نشر کئے جانے والے بی بی سی ریڈیو پروگرام کا افتتاح بھی انہی سے کرایا گیا تھا۔
یہ خوش نصیب اداکارہ دیویکا رانی تھیں جن کا جنم 30 مارچ 1908ء کو بنگال کے ایک مہذب خاندان میں ہوا، بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ کا ایک نمایاں چہرہ تھیں۔
وہ رابندر ناتھ ٹیگور کی بہن سوکماری دیوی کی نواسی اور بھارت کے پہلے سرجن جنرل کرنل ایم این چودھری کی بیٹی تھیں۔ دیویکا نے فیشن ڈیزائننگ میں تعلیم حاصل کی اور لندن میں فنی کیریئر کا آغاز کیا۔
1928ء میں ان کی ملاقات فلمساز ہمانشو رائے سے ہوئی، جنہوں نے انہیں بھارتی فلموں میں کام کرنے کا موقع دیا۔ 1932ء میں دونوں نے مشترکہ طور پر فلم کرم بنائی، جو انگریزی اور بھارتی دونوں زبانوں میں ریلیز ہوئی اور عالمی سطح پر کامیاب ہوئی۔
دیویکا رانی نے بمبئی ٹاکیز میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد کلاسک فلموں جیسے اچھوت کنیا، ساوتری اور پریم کہانی میں کام کیا۔ ان کا تعلق بمبئی ٹاکیز سے تھا، جس نے بھارتی فلم انڈسٹری میں نئی راہیں کھولیں۔
ہمانشو رائے کے انتقال کے بعد، دیویکا رانی نے بمبئی ٹاکیز کی ذمہ داری سنبھالی اور نیا ٹیلنٹ جیسے مدھوبالا اور دلیپ کمار کو متعارف کرایا۔ ان کی فلم قسمت نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
دیویکا رانی نے بعد ازاں روسی آرٹسٹ سویتو سلاؤ رورخ سے شادی کی اور بنگلور میں سکونت اختیار کی۔
1958ء میں انہیں پدم شری اور 1970ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 9 مارچ 1994ء کو 87 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوا، اور بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔