طالبان کا کارنامہ:جدید سہولیات سے آراستہ تجارتی عمارت کا افتتاح
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان حکومت نے کابل کے وسط میں9 منزلہ تجارتی مرکز کا افتتاح کردیا۔ افغان میڈیا کے مطابق دہائیوں سے جنگ زدہ کابل میں تجارتی، معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ طالبان حکومت نے 3 سال سے بھی کم وقت میں کثیر المنزلہ کمرشل بلڈنگ بنا کر سب کو حیران کردیا۔ 34 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کیے گئے تجارتی مرکز میں 1300 سے زاید دکانیں ہیں‘ 1,800 سے زاید گاڑیوں
کی پارکنگ کی گنجائش ہے اور ایک بڑی مسجد بھی ہے۔ طالبان حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے زمین ریاست نے فراہم کی جب کہ اسے سن اسکائی گلوبل کمپنی نے تعمیر کیا۔ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 30 فیصد طالبان حکام کو اور 70 فیصد سرمایہ کاروں کو دیا جائے گا۔طالبان وزیراعظم کے دفتر کے چیف آف اسٹاف عبدالوٰسی خادم نے کہا کہ اس تجارتی مرکز میں بینکوں، کرنسی ایکسچینج آفس اور دیگر کاروباری اداروں کے لیے مخصوص جگہیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی : بھارت سے اسمگل 2 کروڑ سے زاید کا گٹکا برآمد
کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت موصولہ خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں بھارت سے اسمگل ہونے والا مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رضا نقوی کے مطابق یہ چھاپہ ایک خفیہ اطلاع پر کراچی کی ایک نجی سوسائٹی میں واقع گھر میں قائم گودام پر مارا گیا۔ گودام سے اسمگل شدہ مختلف بھارتی برانڈز کے مضرصحت گٹکا کی 136 بوریاں برآمد کی گئیں جس کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زاید ہے۔ بھارتی گٹکا تحویل میں لیکر اے ایس او کسٹمز گودام منتقل کردیا گیا ہے اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔