بھارتی پولیس نے مولانامودودیؒ کی سیکڑوں تصانیف ضبط کرلیں
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے سری نگر میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران ممتاز عالم دین اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ اور تحریک آزادی جموں وکشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی مرحوم کی سیکڑوں تصانیف ضبط کر لی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے تلاشی آپریشن کے دوران 668کتابیں ضبط کی ہیں۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کتابوں کی ضبطی کا مقصد کالعدم تنظیموں کے نظریے کو فروغ دینے والے لٹریچر کی خفیہ فروخت اور تقسیم کو روکناہے۔یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں دیگر آزادی پسند تنظیموں کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
رمضان المبارک تک مہنگائی کم کرو، جماعت اسلامی نے حکومت ڈیڈلائن دیدی
امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا، موجودہ حکمران فارم 47 کی پیداوار ہیں، ملک میں غریب کیلئے تعلیم اور روزگار کے دروازے بند ہیں، مڈل کلاس طبقہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، ہم مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے اشتہاروں سے تاثر دیا جا رہا ہے کہ پنجاب میں بہت کام ہو رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا کیخلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، حکومت عوام کو ریلیف دے، مہنگائی میں کمی حکومتی دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، وزیراعظم اور ان کی بھتیجی اشتہاروں کے ذریعے مہنگائی کم کرنے میں مصروف ہیں، اشتہاروں سے تاثر دیا جا رہا ہے کہ پنجاب میں بہت کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا رمضان کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا، موجودہ حکمران فارم 47 کی پیداوار ہیں، ملک میں غریب کیلئے تعلیم اور روزگار کے دروازے بند ہیں، مڈل کلاس طبقہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، ہم مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو رمضان المبارک تک کی ڈیڈلائن دے رہے ہیں، رمضان المبارک تک قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو عید کے بعد حکومت کیخلاف تحریک چلائیں گے۔