بلوچستان اسمبلی، اپوزیشن جماعتوں کا محکمہ تعلیم کی بریفنگ کا بائیکاٹ
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے پہلے محکمہ تعلیم کی بریفنگ کیلئے تحریک پیش کی، بعد ازاں بریفنگ کے آغاز پر ہی اجلاس کا بائیکاٹ کرکے باہر نکل گئے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن اراکین نے محکمہ تعلیم کی جانب سے بریفنگ کا مطالبہ کرنے کے بعد بریفنگ سنے بغیر ہی بائیکاٹ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آج بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے صوبے کی تعلیم کے حوالے سے بریفنگ دینے کیلئے تحریک پیش کی۔ جس پر وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے بریفنگ کا آغاز کیا تو اپوزیشن لیڈر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ان کے حلقے میں محکمہ تعلیم میں مداخلت ہو رہی ہے۔ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ جس کے باعث بریفنگ کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ اپوزیشن اراکین اسمبلی سے اجلاس کے دوران باہر نکل گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں موقع دیا جائے کہ ہم بتائیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ ہم بتانا چاہتے ہیں اسکولوں کی صورتحال کس حد تک بہتر کرچکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے رویے پر حیرت ہوئی ہے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے بائیکاٹ کرنے والوں کو منانے کیلئے بریفنگ کی کارروائی دس منٹ کیلئے ملتوی کی۔ دس منٹ تک اپوزیشن اراکین اسمبلی میں نہیں آئے، تو اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے محکمہ تعلیم سے متعلق بریفنگ ختم کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔
اسمبلی اجلاس کے بعد صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں محکمہ تعلیم سے متعلق بریفنگ دینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اپوزیشن کو ہماری بریفنگ سننی چاہئے تھی۔ اپوزیشن کو جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ اپوزیشن کے رویے سے مایوس ہوں۔ راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہمارے بھائی ہیں۔ مسائل ہر جگہ پر ہیں، ٹرانسفر پوسٹنگ کی وجہ سے بائیکاٹ کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ ہم سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے تھے۔ ہمیں بریفنگ دینے کا موقع دینا چاہئے تھا۔ اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جگہ ہماری بات سنی نہیں جاتی، وہاں بات کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے حوالے سے حکومتی اراکین سے پوچھا جائے۔ بائیکاٹ حکومتی پالیسیوں اور رویہ کی وجہ سے کیا گیا۔ جہاں سنا نہیں جاتا، وہاں بات کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ اسمبلی ہماری ہے کسی اور کی نہیں ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بلوچستان اسمبلی اپوزیشن لیڈر محکمہ تعلیم بریفنگ کا کہا کہ
پڑھیں:
ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ مظلومین کی حمایت کی ہے، علامہ ولایت جعفری
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم مظلوم پاکستانی عوام کے لئے آواز بلند کرنے والی جماعت ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے حالیہ مسائل، وفاقی حکومت کی مائنز اینڈ منرل پالیسی اور معدنیات پر قبضہ گیری کے خلاف تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بی این پی رہنماء ساجد ترین، پشتونخوا میپ کے عبدالرحیم زیارتوال، بی این پی رہنماء آغا حسن بلوچ، پی ٹی آئی رہنماء داؤد شاہ کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاراچنار میں جاری مظالم کے خلاف ملک گھیر دھرنے دیئے گئے۔ کراچی میں حکومت اور انتظامیہ نے دھرنوں پر لاٹھی چارج کرکے مظلوم عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی۔ تاہم آج بھی ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آخر تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں کی حمایت کا اعلان کیا۔