کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہ فیصل ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ نے جدید سہولیات سے آراستہ شاہراہ فیصل ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت قانون نافذ کرنے کے نظام میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے، صوبے کے ہر ضلع میں ایک ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کرنے کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل 31 ماڈل پولیس اسٹیشنز کے لیے 28 کروڑ 84 لاکھ 10 ہزار روپے مختص کیے ہیں جس میں کراچی کے 8 پولیس اسٹیشنز کیلئے 6 کروڑ 20 لاکھ روپے، حیدرآباد کیلئے 9 کروڑ روپے اور میرپور خاص پولیس رینج کیلئے 2 کروڑ 89 لاکھ 58 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔
شہید بینظیرآباد اور سکھر کیلئے تین تین کروڑ اور لاڑکانہ کیلئے 4 کروڑ 74 لاکھ 23 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں، ماڈل تھانوں میں عمارتوں کی تزئین و آرائش ہوگی جبکہ باقاعدہ لاک اپ، استقبالیہ اور فیملی ایریا بھی موجود ہوگا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں ٹریفک حادثات، امن و امان پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کانفرنس بلا لی
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن وامان کے معاملے پر کانفرنس بلا لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن وامان کے معاملے پر ایک اہم کانفرنس بلائی ہے جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوں گے۔
اس کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) بھی شامل ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار، علی خورشیدی، طٰحہ احمد اور دیگر بھی اس میں شریک ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اس کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا ہے، کانفرنس میں ڈمپر حادثات اور ان سے متعلق مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بھی اس اجلاس میں شرکت کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں ہیوی ٹریفک کے متعدد حادثات میں کئی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ بعض مقامات پر شہریوں کی جانب سے واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز کو نذر آتش کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک پابندی عائد کر دی ہے تاکہ حادثات میں مزید اضافہ نہ ہو۔