ٹرانسپورٹرز کے مطالبے پر کراچی میں ہیوی ٹریفک کے اوقات میں اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
کراچی:
سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبے پر شہر میں ہیوی ٹریفک کے اوقات میں اضافہ کردیا۔
مختلف ایسوسی ایشنوں کے ٹرانسپورٹرز نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ سے ملاقات کی جس میں شہر میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال اور انہیں ملکر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری ایکسائز محمد سلیم راجپوت، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی سی پی او کراچی جاوید عالم اڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
ٹرانسپورٹ وفد میں لیاقت محسود، حاجی مقصود محسود، حاجی یوسف، حاجی خیر زمان محسود، طارق گجر، حاجی بادشاہ خان محسود، ملک یاسین نیازی، جان عالم محسود، حاجی عمردراز باجوڑی، عبدالحمد بنگش، حاجی طور خان، سردار سلامت، کفیل خان شامل تھے۔
ملاقات میں کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن، ڈمپر ایسوسی ایشن، سندھ گڈز ٹرک ٹریلر اونرز ایسوسی ایشن اور واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ ٹرانسپورٹرز نے شہر میں داخلے کے مخصوص اوقات پر عائد پابندیوں کے حوالے سے پریشانی سے متعلق آگاہ کیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شرکاء کو حکومت کی جانب سے ایک گھنٹہ اضافی وقت دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اب بڑی گاڑیاں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخل ہو سکیں گی، جس سے انہیں آپریشنز میں زیادہ لچک ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز کو درپیش چیلنجز کو سمجھتی ہے اور ہم ان کے ساتھ مل کر ان مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے داخلے کے اوقات میں اضافے کا یہ فیصلہ ٹرانسپورٹرز کے بوجھ کو کم کرنے اور آپریشنز کو آسان بنانے کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تمام بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے، یہ ضروری ہے کہ تمام ٹرانسپورٹرز، بشمول دیگر صوبوں سے آنے والی گاڑیاں، اپنے گاڑیوں کو سندھ میں رجسٹر کرائیں اور ان کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ایسے اقدامات سے گریز کریں جو ٹریفک میں خلل ڈالیں، عوامی پریشانی کا باعث بننے والے کسی بھی اقدام پر سختی سے نمٹا جائے گا۔ ہمیں کراچی کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ٹریفک کو روکے جانے جیسے عوامی زندگی کو متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ٹرانسپورٹرز ان مسائل کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں کیونکہ ان مسائل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ٹرانسپورٹرز رہنماؤں نے حکومت کی طرف سے ان کے مسائل کے حل کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ داخلے کے اوقات میں اضافے سے ہمارے لاجسٹک چیلنجز میں کمی آئے گی، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے حکومتی فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے اوقات میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
کراچی میں ہونے والا تین روزہ تبلیغی اجتماع اختتام پذیر، لاکھوں افراد کی شرکت
کراچی میں ہونے والا تین روزہ عالمی تبلیغی اجتماع دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی تبلیغی جماعت کے تحت منگھو پیر کے علاقے اورنگی ٹاون گلشن بہار میں سہ روزہ کراچی تبلیغی اجتماع اتوار کو دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔
اجتماع میں لاکھوں افراد شریک تھے جبکہ اتوار کی صبح بھی دعا میں شریک ہونے کے لیے شہر بھر سے بڑی تعداد میں لوگ قافلوں کی شکل میں پہنچے۔
اتوار کو بعد فجر ڈاکٹر سلیم کا خصوصی بیان ہوا۔اجتماع میں ہدایات مولانا ضیاء الحق دیں جبکہ اختتام پر خصوصی دعا مولانا احمد بٹلہ نے کرائی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ہم سب اپنی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزاریں۔دنیا کے بجائے آخرت کی تیاری کریں۔نماز ہی گناہوں سے روکتی یے۔
حلال روزی کمانا معاشی مسائل کا حل ہے۔آج کل ہر دوسرا شخص معاشی مسائل کا شکار نظر آتا ہے۔اسلامی معاشی نظام مالیاتی مسائل کا حل یے۔اپنی زندگی میں ایک دوسرے کا احساس کریں۔سب کے حقوق کا خیال کریں۔دین کے احکامات پر چلیں تو کامیابی کا راستہ نظر آئے گا۔اپنی زندگی میں دین کے لیے وقت نکالیں۔دعوت تبلیغ کو پھیلائیں۔فضول کاموں سے بچیں۔اس زندگی کا ایک لحمہ قیمتی ہے اس کو ضائع نہ کریں۔
علما نے مزید کہا کہ آپ اپنی پریشانی کا حل کے لیے رب سے رجوع کریں، وہ ہی کائنات کا مالک ہے۔وہ ہمارے مسائل کو حل اور حاجات کو پورا فرمائے گا۔اجتماع میں اسلام کی سربلندی، انسانیت کی فلاح، پاکستان کی سلامتی اور بقا اور لوگوں کے مسائل کے لیے خصوصی دعا بھی گئی۔
اجتماع پر ایک ہزار سے زائد ایک سال، چار ماہ، ایک چلے اور سہ روزے کے تبلیغی قافلوں کی تشکیل ہوئی۔