شب برأت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی، مساجد میں خصوصی محافل
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں شب برأت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور اس سلسلہ میں مساجد میں خصوصی محافل اور شب بیداری کا اہتمام کیا گیا جن میں فرزندان اسلام نے نوافل اور تسبیحات سمیت مختلف عبادات کیں جبکہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرأت، حمد و نعت، درود و سلام کی مقدس و با برکت تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ فرزندان اسلام نے اس موقع پر رب کائنات کے حضور سر بسجود ہو کر توبہ و استغفار، اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت، صحت و تندرستی، رزق حلال کی دعائیں مانگیں۔ قبرستانوں میں بھی شہری اپنے پیاروں کی قبروں کی صفائی، پھول چڑھاتے اور فاتحہ خوانی کرتے رہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سندھ اسمبلی میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات اور خدمات کو زبردست خراج عقیدت
شازیہ سنگھار نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے اس قرارداد کا منظور ہونا ایک واضح پیغام ہے کہ صوفی ازم کی روایات کو نہ صرف محفوظ رکھا جائے گا بلکہ ان کی روشنی میں معاشرتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کی 777ویں عرس مبارک کے موقع پر ان کی امن، بھائی چارے، رواداری اور صوفی ازم کی تعلیمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک اہم قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کرلی گئی۔ یہ قرارداد پارلیمانی سیکریٹری برائے اوقاف و مذہبی امور، شازیہ کریم سنگھار نے پیش کی، جس میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی صدیوں پر محیط تعلیمات کو سراہتے ہوئے انہیں محبت، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا استعارہ قرار دیا گیا۔
شازیہ سنگھار نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات آج بھی امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں، ان کی شخصیت ایک ایسا چراغ ہے جو ہر دور میں انسانیت کو روشنی فراہم کرتا رہے گا، سندھ اسمبلی کی جانب سے اس قرارداد کا منظور ہونا ایک واضح پیغام ہے کہ صوفی ازم کی روایات کو نہ صرف محفوظ رکھا جائے گا بلکہ ان کی روشنی میں معاشرتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔