Jasarat News:
2025-02-19@01:31:38 GMT

زکوٰۃ کے چند اہم مسائل

اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT

سوال: ایک ہی چیز پر زکوٰۃ ہر سال اور بار بار ادا کرنا کیوں ضروری ہے؟
جواب: عبادات میں سے کچھ زندگی میں صرف ایک بار فرض ہیں، جیسے حج۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’لوگوں پر یہ اللہ کا حق ہے کہ جو اس گھر تک پہنچنے کی استطاعت رکھتا ہو وہ اس کا حج کرے‘‘۔ (آل عمران: 97) ایک مرتبہ اللہ کے رسولؐ نے خطبہ دیتے ہوئے فرمایا: ’’لوگو! اللہ نے تم پر حج فرض کیا ہے، اس لیے حج کرو۔ ایک شخص نے سوال کیا: اے اللہ کے رسولؐ! کیا ہر سال ؟ آپ نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: اگر میں ہاں کہہ دوں تو ہر سال فرض ہو جائے گا، لیکن پھر تم ہر سال نہیں کر سکو گے‘‘۔ ( مسلم)
لیکن کچھ عبادات وقت اور زمانے کے ساتھ فرض کی گئی ہیں، مثلاً نمازوں کی فرضیت مخصوص اوقات کے ساتھ ہے۔ جب بھی وہ اوقات آئیں گے، نماز فرض ہوگی۔ روزے کی فرضیت ماہِ رمضان کے ساتھ ہے۔ جب بھی رمضان آئے گا، روزہ رکھنا فرض ہوگا۔
اسی طرح زکوٰۃ کی فرضیت اس مال پر ہے جو مالک کے پاس ایک برس تک رہا ہو۔ سیدہ عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسولؐ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: ’’مال میں اس وقت زکوٰۃ ہے جب اس پر ایک برس گزر جائے‘‘۔ (ابن ماجہ)
اس سے معلوم ہوا کہ جب بھی کسی مال پر ایک برس گزرے گا، اس پر زکوٰۃ فرض ہوگی۔
٭…٭…٭

سوال:کیا کسی غریب سید کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب: حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسولؐ نے ارشاد فرمایا ہے: ’’صدقہ (یعنی زکوٰۃ) آل محمدؐ کے لیے جائز نہیں ہے۔ یہ لوگوں کا میل کچیل ہے‘‘۔ (مسلم)
اس سے فقہا نے یہ استنباط کیا ہے کہ سادات (یعنی خاندان بنو ہاشم) کو زکوٰۃ نہیں دی جا سکتی۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ حرمت بنو ہاشم کے اعزاز و اکرام کی وجہ سے ہے۔
البتہ بعض فقہا کا خیال ہے کہ سادات (بنو ہاشم) کو زکوٰۃ دینے کی حرمت صرف عہدِ نبوی کے لیے تھی، جب مالِ غنیمت میں ’خْمس‘ یعنی پانچواں حصہ اللہ کے رسولؐ اور آپ کے خاندان والوں کے لیے خاص تھا۔ لیکن جب یہ حصہ ختم ہوگیا تو اب دوسرے غریب مسلمانوں کی طرح غریب سادات کو بھی زکوٰۃ دی جا سکتی ہے۔
٭…٭…٭

سوال: کیا قرض دار کو بھی زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب: قرآن مجید میں زکوٰۃ کے جو مصارف بیان کیے گئے ہیں ان میں سے ایک ’غارمین‘ ہے۔ اس سے مراد قرض دار لوگ ہیں، یعنی وہ لوگ جو قرض کے بوجھ سے دبے ہوئے ہیں۔
قرض چاہے جس مقصد سے لیا گیا ہو، مکان بنانے کے لیے، یا تجارت کے لیے، یا علاج معالجہ کے لیے، یا بیٹی کی شادی کے لیے، یا کسی اور کام کے لیے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کسی شخص پر بھاری قرض ہو، کوشش کے باوجود وہ اسے ادا نہ کرپا رہا ہو، تو اسلام کی نظر میں وہ اس بات کا مستحق ہے کہ دوسرے مال دار مسلمان اس کی مدد کریں۔ ایسے شخص کی مدد زکوٰۃ سے بھی کی جا سکتی ہے۔
٭…٭…٭

سوال: کیا زکوٰۃ کسی ضرورت مند کی شادی کے لیے دی جاسکتی ہے؟
جواب: زکوٰۃ کسی غریب کو اس کی کسی بھی ضرورت کے لیے دی جا سکتی ہے۔ اس کے گھر والے فاقے سے دوچار ہوں تو انھیں کھانے پینے کی چیزیں دی جا سکتی ہیں۔ اس کے پاس روزی کمانے کے لیے کچھ نہ ہو تو اسے کچھ مال دے کر روزگار سے لگایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اس کی لڑکی سیانی ہو رہی ہو اور بہت زیادہ غربت کی وجہ سے اس کی شادی نہ ہوپارہی ہو تو اس میں مدد کے لیے بھی زکوٰۃ دی جا سکتی ہے۔
شادی میں مدد کے لیے زکوٰۃ نقد رقم کی صورت میں دی جا سکتی ہے اور کوئی سامان خرید کر بھی دیا جا سکتا ہے۔
آج کل شادیوں میں بہت زیادہ فضول خرچی کی جانے لگی ہے۔ مُسرفانہ رسوم و روایات پر عمل کو ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ویسے بھی ان رسوم سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے اور دوسروں کو ان سے اجتناب کرنے کی تلقین کرنی چاہیے۔ لیکن ان رسوم کی انجام دہی کے لیے زکوٰۃ دینی مناسب نہیں ہے۔ ہاں شادی کے ضروری مصارف کے لیے زکوٰۃ کے ذریعے تعاون کیا جا سکتا ہے۔
٭…٭…٭

سوال: کیا زکوٰۃ کی رقم کسی کو بغیر بتائے کہ یہ زکوٰۃ ہے، دی جاسکتی ہے؟
جواب: جس شخص کو زکوٰۃ دی جائے اسے بتانا ضروری نہیں کہ یہ زکوٰۃ ہے، بلکہ نہ بتانا بہتر ہے۔ زکوٰۃ کسی بھی نام سے دی جا سکتی ہے، جیسے ہدیہ،عیدی، بچوں کی ٹیوشن فیس۔
البتہ جو شخص زکوٰۃ دے رہا ہے اس کے لیے زکوٰۃ کی ادائیگی کرتے وقت اس کی نیت کرنی ضروری ہے۔
کوئی شخص کسی کو کچھ مال دے دے، پھر بعد میں اسے زکوٰۃ میں شمار کرنے لگے توایسا کرنا درست نہ ہوگا۔ اس سے اس کے ذمّے لازم زکوٰۃ ادا نہ سمجھی جائے گی۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: زکو ۃ دی جا سکتی ہے اللہ کے رسول کے لیے زکو ۃ کو زکو ۃ ہر سال فرض ہو

پڑھیں:

خود سے بات کرنا: ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مسائل حل کرنے میں مددگار

رلن:عام طور پر خود سے بات کرنا ایک غیر معمولی یا عجیب عادت سمجھی جاتی ہے، لیکن ماہرین نفسیات اور تحقیقی مطالعے اس کے برعکس رائے رکھتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق تحقیق سے پتہ چلا ہےکہ خیالات کو زبانی الفاظ میں بیان کرنے سے دماغ کے کئی حصے متحرک ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں ذہنی وضاحت، مسائل حل کرنے کی مہارت اور فیصلہ سازی میں بہتری آتی ہے۔
خود کلامی کے سائنسی فوائد
ماہرین کے مطابق اونچی آواز میں خود سے بات کرنے سے نہ صرف میموری بہتر ہوتی ہے بلکہ معلومات کو بہتر طریقے سے منظم کرنے اور کاموں کو ترجیح دینے میں بھی مدد ملتی ہے، جب ہم کسی مشکل کا سامنا کرتے ہیں، تو خود سے بات کرنے سے ہمیں اپنی توجہ مرکوز رکھنے، مختلف امکانات پر غور کرنے اور ایک بہتر فیصلہ لینے میں مدد ملتی ہے۔
یونیورسٹی آف وسکونسن میڈیسن کے پروفیسر گیری لوپیان نے تحقیق کرکے بتایا کہ وہ افراد جو بلند آواز میں اشیاء کی تلاش کر رہے تھے، وہ ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے مطلوبہ اشیاء کو ڈھونڈنے میں کامیاب رہے، جو خاموشی سے یہی کام کر رہے تھے۔
خود کلامی اور جذباتی بہتری
صرف علمی فوائد ہی نہیں بلکہ خود سے بات کرنا جذباتی طور پر بھی انسان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جب ہم خود سے بات کرتے ہیں، تو ہمیں ایک عقلی نقطہ نظر ملتا ہے، جو ہمیں دباؤ اور اضطراب کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص مشکل حالات میں خود سے مثبت جملے کہے جیسے میں یہ کر سکتا ہوں،مجھے گھبرانے کی ضرورت نہیں، میں اس کا حل نکال لوں گا، تو یہ الفاظ اس کے اعتماد میں اضافہ کر سکتے ہیں اور اس کے منفی خیالات کو کم کر سکتے ہیں۔ اس عمل کو "سیلف ریگولیشن" کہا جاتا ہے، جو جذباتی استحکام میں مدد فراہم کرتا ہے۔
خود کلامی کے فوائد کو سمجھنے کے لیے چند عملی مثالوں پر غور کرتے ہیں، طلبہ اور امتحانات کے موقع پر ہی اگر طلبہ کسی مشکل مضمون کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں، تو بلند آواز میں پڑھنے اور خود سے سوالات کرنے سے ان کا حافظہ بہتر ہوتا ہے اور وہ معلومات کو زیادہ عرصے تک یاد رکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • فوڈ پراسیسنگ کی صنعت کوجدید سائنسی بنیاد پر ترقی دی جا سکتی ہے
  • بھارت کے لیے امریکی حمایت ہتھیاروں کی دوڑ کا سبب بن سکتی ہے ، بلاول بھٹو
  • خود سے بات کرنا: ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مسائل حل کرنے میں مددگار
  • پاکستان کو اپنی اقتصادی اصلاحات میں رہنمائی مل سکتی ہے: وزیرخزانہ
  • ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کی کہانی
  • صاف توانائی کی طرف منتقلی خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے، ماحول کو بچانے میں مدد کر سکتی ہے.ویلتھ پاک
  • ٹرمپ کے اقدامات سے ایڈز کے مریضوں کی ہلاکت بڑھ سکتی ہے، اقوامِ متحدہ
  • مودی حکومت الٹ سکتی ہے
  • حماس فوجی قوت کے طور پر جاری نہیں رہ سکتی،امریکی وزیرخارجہ اسرائیل پہنچ گئے
  • ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات، گورنر سندھ کا چیف جسٹس کے نام دوسرا خط