بوبی دیول کی واپسی: 'ایک بدنام آشرم' سیزن 3 پارٹ 2 کا دھماکے دار ٹیزر جاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزون ایم ایکس پلیئر پر ’ایک بدنام آشرم‘ کا نیا سیزن دھماکے دار انداز میں واپس آ رہا ہے۔
سیزن 3 – پارٹ 2 کا دلچسپ ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے مداحوں کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ یہ ایمیزون کا فری ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہے، جہاں شائقین کو یہ سنسنی خیز کرائم ڈرامہ جلد دیکھنے کو ملے گا۔
نیشنل ایوارڈ یافتہ فلمساز پرکاش جھا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس سیریز میں بوبی دیول مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں، جبکہ دیگر نمایاں اداکاروں میں آدیتی پوہنکر، چندن رائے سانیال، تردھا چودھری، درشن کمار، وکرم کوچھر، انوپریا گوئنکا، راجیو سدھارتھ اور عائشہ گپتا شامل ہیں۔
ٹیزر میں بابا نرالا کے دوبارہ طاقت حاصل کرنے، اس کے بھکتوں کی اندھی عقیدت اور اس کے قریبی ساتھیوں میں پیدا ہونے والے شک و شبہات کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ جیسے جیسے پرانے راز افشا ہوتے جا رہے ہیں، ویسے ہی دھوکہ دہی، انتقام اور نجات کی اس کہانی میں نیا موڑ آ رہا ہے۔
اس بار سیزن کو مزید سنسنی خیز بنانے کے لیے پس منظر میں سا ریگاما کے مقبول گانے ‘دنیا میں لوگوں کو’ کا استعمال کیا گیا ہے، جو کہانی کے تھرل اور سسپنس میں مزید شدت پیدا کر رہا ہے۔
ایک بدنام آشرم معاشرے کے وہ اندھیرے پہلو دکھاتا ہے، جہاں عقیدت، طاقت اور استحصال کا آپس میں گہرا تعلق ہوتا ہے۔ تین سیزن کی شاندار کامیابی کے بعد، اس بار کہانی میں مزید پیچیدگیاں اور سازشیں ہوں گی، جو ناظرین کو حیران کر دیں گی۔
ایک بدنام آشرم سیزن 3 – پارٹ 2 جلد ایمیزون ایم ایکس پلیئر پر مفت میں دستیاب ہوگا، جسے ناظرین موبائل ایپ، ایمیزون شاپنگ ایپ، پرائم ویڈیو، فائر ٹی وی، اور کنیکٹڈ ٹی وی پر دیکھ سکیں گے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایک بدنام آشرم
پڑھیں:
غزہ پر امریکی قبضے تک فلسطینیوں کو واپسی کا کوئی حق نہیں، ٹرمپ کی بڑھک
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور بڑھک مارتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر امریکی قبضے تک فلسطینیوں کو یہاں واپسی کا کوئی حق نہیں ہوگا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں امریکی قبضے کے بعد ترقیاتی منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو اپنے گھروں میں واپس جانے کا حق نہیں دیا جائے گا۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ہمارے منصوبے کے مطابق غزہ سے باہر فلسطینیوں کے لیے صرف 6 جگہیں ہیں، جہاں وہ جا سکیں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں ترقیاتی منصوبے دیکھنے کے قابل ہوں گے، تاہم امریکی قبضے کے بعد وہاں ہماری سرگرمیوں تک فلسطینیوں کو واپس جانے کا حق نہیں ہوگا۔ انہوں نے اپنے اسرائیل نواز عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دراصل فلسطینیوں کے لیے ایک مستقل جگہ فراہم کرنے کی بات کر رہے ہیں، کیونکہ غزہ واپس جانے میں کئی برس کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس وقت وہ جگہ اور وہاں کے حالات بالکل بھی رہنے کے قابل نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ غزہ کے 20 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینیوں کے لیے خوبصورت اور محفوظ کمیونٹیز بنائی جائیں گی۔ ان کمیونٹیز کی بنیاد 5سے 6 محفوظ بلاکس پر رکھی جائے گی اور وہ خود اس زمین کے مالک ہوں گے۔ ٹرمپ نے یہ بھی ذکر کیا کہ فلسطینیوں کی آبادکاری کے حوالے سے مصر اور اردن جیسے ممالک سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے کیونکہ یہ ممالک امریکا سے بڑی فوجی امداد حاصل کرتے ہیں اور وہ فلسطینیوں کو اپنے ملک میں آباد کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔