غلام ذہن حکومت نے آئی ایم ایف کو عدالتوں اور اداروں تک بھی رسائی دی، حافظ نعیم الرحمان
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
لاہور:
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام ذہن حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کو عدالتوں اور اداروں تک بھی رسائی دے دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ترکیے کے صدر طیب اردوان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے دونوں ممالک غزہ میں امن کے لیے جان دار کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسلامی اور فلسطین کے حامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے، ٹرمپ غزہ خالی کرانے کا بیان غیرسنجیدگی اور قبضہ گیروں کی طرح جاری کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ غلام ذہن حکومت نے آئی ایم ایف کو عدالتوں اور اداروں تک بھی رسائی دے دی ہے، عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات قومی وقار اور آزادی کے منافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چچا بھتیجی اشتہار دے کر مہنگائی کم کرنے میں مصروف ہیں لیکن زمینی حقائق قطعی مختلف ہیں، خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے، لاپتا افراد کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا، ملک کو بحرانی صورت حال سے نکالنا ہے تو آئین و قانون کی بالاستی قائم کرنا ہوگی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمان
پڑھیں:
مراکز صحت آؤٹ سورس نہیں کرنے دینگے: حافظ نعیم
لاہو ر (نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بنیادی اور دیہی مراکز صحت کو آؤٹ سورس نہیں کرنے دیں گے۔ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف میں سے ایک کو بھی نوکری سے نکالا گیا تو پنجاب حکومت کا تعاقب کیا جائے گا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب خاتون ہیں، انھیں احتجاج کرنے والی خواتین کا کیوں خیال نہیں؟ سب کو معلوم ہے موجودہ حکومت کیسے معرضِ وجود میں آئی، خود ٹھیکے پر چلنے والی حکومت تمام بنیادی عوامی ضروریات کو بھی ٹھیکے پر دینا چاہتی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مال روڈ پر گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے زیراہتمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ جس بادشاہانہ طرز عمل سے مریم نواز حکومت چلا رہی ہے، صوبہ میں یہی وطیرہ ان سے قبل ان کے والد اور چچا نے اپنایا ہوا تھا، انھیں صرف اداروں کو اپنا نام دینے اور ان پر تختیاں لگانے کا شوق ہے، پنجاب پر مسلط شریف خاندان بتائے کہ کیا حکومتیں صحت اور تعلیم کو آؤٹ سورس کرتی ہیں؟ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سستی معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات یقینی بنائے۔