Daily Mumtaz:
2025-02-13@16:16:27 GMT

حماس کا شیڈول کے مطابق اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا اعلان  

اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT

حماس کا شیڈول کے مطابق اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا اعلان  

حماس نے اسرائیل کے ساتھ غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے اور قیدیوں کی شیڈول کے مطابق رہائی کا اعلان کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق حماس گروپ نے بتایا کہ اس کے وفد نے قاہرہ میں مصری اور قطری ثالثوں کے ساتھ بات چیت کی، جس میں جنگ بندی معاہدے کی شرائط پر توجہ مرکوز کی گئی،جس میں لوگوں کے لیے مکانات کو محفوظ بنانے اور فوری طور پر خیمے، بھاری سامان، طبی سامان، ایندھن، اور ہر چیز کے جاری رہنے والے معاہدے میں امدادی سامان کی فراہمی شامل ہے۔
ٹیلی گرام پر جاری بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ مذاکرات مثبت روح کے ساتھ ہوئے، جبکہ ثالثی کرنے والے بھائیوں مصر اور قطر نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ان تمام چیزوں کے حوالے سے رکاوٹوں اور خلا کو دور کرنے پر کام کریں گے۔
بیان میں حماس نے طے شدہ شیڈول کے مطابق قیدیوں کے تبادلے سمیت دستخط کردہ معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
 واضح رہے کہ 10 فروری کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے 15 فروری کو مزید قیدیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ٹیلی گرام پر ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے حماس کی جانب سے 15 فروری بروز ہفتہ طے شدہ مزید اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اگلے حکم تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
 ابو عبیدہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی وجہ سے غزہ میں قید صہیونی قیدیوں کی رہائی ملتوی کی گئی ہے۔
 بعد ازاں، اگلے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو دھمکی دی تھی کہ اگر غزہ سے ہفتے کی دوپہر تک ہر اسرائیلی یرغمالی رہا نہ ہوا تو جنگ بندی کے خاتمے کی تجویز دوں گا، جس کے بعد تباہی آئے گی۔
 ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جہاں تک میرا تعلق ہے، اگر تمام یرغمالیوں کو ہفتے کی رات 12 بجے تک واپس نہ لایا گیا تو میرے خیال میں یہ مناسب وقت ہوگا کہ ہم امن معاہدہ منسوخ کردیں اور تمام شرائط ختم کر دیں، پھر جو کچھ ہوگا، سو ہوگا۔‘
اسی روز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قیدیوں کو رہا نہ کیے جانے کی صورت میں غزہ میں دوبارہ حملے کرنے کی دھمکی دے دی تھی۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اگر حماس نے ہفتے کی دوپہر تک قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہو جائے گا اور لڑائی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: قیدیوں کی رہائی کا اعلان کے مطابق تھا کہ

پڑھیں:

اسرائیل کی خلاف ورزیاں،حماس نے  یرغمالیوں کی رہائی روک دی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کی غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر دیتے ہوئے قیدیوں کی رہائی روک دی۔
حماس کے فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے غزہ میں قید قیدیوں کی رہائی ملتوی کر دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی تنظیم کے اگلے اعلان تک روک دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کو نوٹ کیا جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ واپسی میں تاخیر کرنا اور ان پر بمباری کرنا بھی شامل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں طے شدہ طریقے کے مطابق امداد بھی نہیں پہنچائی گئی جبکہ مزاحمتی گروہوں نے معاہدے کی مکمل پاسداری کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان وجوہات کے باعث ہفتے کے روز یعنی 15 فروری 2025 کو اسرائیلی یرغمالیوں کی ہونے والی رہائی کو اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ثالث کاروں کی یقین دہائی، حماس کا قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر عمل کا اعلان
  • حماس کا قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر عمل کا اعلان، جنگ بندی ڈیل برقرار
  • ترکیہ اور قطر کی ثالثی؛ حماس ہفتے کے روز اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے پر آمادہ
  • صیہونی وزیراعظم کی حماس کو جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے اور دوبارہ جنگ مسلط کرنیکی دھمکی
  • حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی موخر کردی، جنگ بندی ختم ہونے کا خدشہ
  • قیدیوں کی رہائی مؤخر ہونے پر تل ابیب میں شدید احتجاج
  • غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی روک دی
  • حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی روکنے کے اعلان پر اسرائیل نے فوج کو ہائی الرٹ کردیا
  • اسرائیل کی خلاف ورزیاں،حماس نے  یرغمالیوں کی رہائی روک دی