کانگو کے مسلح گروہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں نہ ڈالیں، اقوام متحدہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 فروری 2025ء) اقوام متحدہ نے جمہوریہ کانگو میں مسلح گروہ ایم 23 سے امدادی راہداریوں کے احترام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کے اہلکاروں کی نقل و حرکت اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔
ادارے کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں اقوام متحدہ کے امن مشن 'مونوسکو' کو صوبہ شمالی و جنوبی کیوو میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں مسائل کا سامنا ہے۔
ایم 23 سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے مشن کے لیے کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو شمالی کیوو کے سب سے بڑے شہر گوما میں انسانی امداد پہنچانے سے روک دیا ہے۔ علاقے میں بکھرے گولہ بارود کو تلف کرنے کی کوششوں میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں جو امن کاروں اور مشن کے مراکز میں موجود کانگو کی غیرمسلح فورسز کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
(جاری ہے)
ترجمان نے بتایا کہ بدھ کو مونوسکو کے دو امن کاروں اور جنوبی افریقی ترقیاتی برادری (ایس اے ڈی سی) کے 16 اہلکاروں کی باقیات جنوبی افریقہ میں پہنچا دی گئی ہیں۔
حالیہ لڑائی میں یوروگوئے سے تعلق رکھنے والے ایک امن کار کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔بڑھتا انسانی بحرانترجمان نے بتایا کہ جنوبی کیوو میں بڑھتے تشدد کے باعث نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز قبل بوکاوو سے 70 کلومیٹر شمال کی جانب ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو جھیل کیوو کے جزیروں اور قریبی قصبوں کی جانب نقل مکانی کرنا پڑی۔
اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت دار شمالی کیوو میں لوگوں کی ضروریات کا جائزہ لے رہے ہیں اور جہاں سلامتی کے حالات اجازت دیں وہاں ہنگامی مدد مہیا کی جا رہی ہے۔ تاہم، نقل و حرکت کے مسائل کی وجہ سے خوراک اور دیگر امداد کی فراہمی میں مشکلات حائل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ صوبہ اتوری میں 8 فروری کو ہونے والے حملوں کے باعث کم از کم 59 شہری ہلاک اور متعدد دیگر زخمی یا لاپتہ ہو گئے۔ امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے کہا ہے کہ تمام فریقین شہریوں کو تحفظ دیں اور انہیں بقا کے لیے درکار مدد تک رسائی کو یقینی بنائیں۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے اقوام متحدہ بتایا کہ کے لیے
پڑھیں:
یمن: حوثیوں کی زیر حراست ڈبلیو ایف پی اہلکار کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 فروری 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یمن میں حوثیوں (انصاراللہ) کے زیرحراست 'ڈبلیو ایف پی' کے اہلکار کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ملک میں ادارے کے پرچم سرنگوں کر دیے گئے ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے اس واقعے پر افسوس اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے متوفی کے اہلخانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے، تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ متوفی اہلکار کی موت کیسے حالات میں ہوئی تاہم، اقوام متحدہ حوثی حکام سے اس بارے میں فوری وضاحت لے رہا ہے۔ اس واقعے کی بلاتاخیر، شفاف اور مفصل تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کا محاسبہ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ Tweet URLاحمد نامی اہلکار کو حوثیوں نے 'ڈبلیو ایف پی' (عالمی پروگرام برائے خوراک) کے سات دیگر لوگوں کے ساتھ 23 جنوری سے حراست میں لے رکھا تھا۔
(جاری ہے)
تاحال ان کی موت کا سبب معلوم نہیں ہو سکا۔انسانی امداد کی فراہمی معطلاس واقعے کے بعد سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے تمام اداروں کو شمال مغربی یمن کے علاقے صعدہ میں امدادی پروگراموں اور وسائل کی فراہمی کو روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس غیرمعمولی اور عارضی اقدام کا مقصد اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور اس کے شراکت داروں کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ادارے دیگر اہلکاروں کی ناجائز حراست بھی ناقابل قبول ہے۔ حوثیوں کو چاہیے کہ وہ انہیں فوری اور غیرمشروط طور پر رہا کریں۔ اقوام متحدہ اس صورتحال کا بغور جائزہ لیتے ہوئے اپنے عملے کے ارکان کی سلامتی اور تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات اٹھا رہا ہے جو یمن کے لوگوں کو مدد کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔یاد رہے کہ حوثیوں نے چند برس سے اقوام متحدہ کے درجنوں اہلکاروں، قومی و بین الاقوامی این جی اوز کے عملے، سول سوسائٹی کے ارکان اور سفارتی عملے سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔
بلاجواز گرفتاریاں'ڈبلیو ایف پی' کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنڈی مکین نے اس واقعے کو المناک نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متوفی نے یمن کے لوگوں کو غذائی امداد کی فراہمی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے اہلکاروں کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں۔ حوثی تمام زیرحراست اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کریں۔
یمن میں حوثیوں اور سعودی عرب کے زیرقیادت علاقائی اتحاد کی حمایت یافتہ حکومت کے مابین ایک دہائی سے جاری لڑائی کے نتیجے میں ایک کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
'ڈبلیو ایف پی' اپنے پرواگراموں کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو خوراک مہیا کرتا ہے جس میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کو ضروری غذائی اشیا اور سکولوں کے بچوں کے لیے کھانے کے فراہمی کے علاوہ خواتین اور بچوں کو غذائیت پہنچانا بھی شامل ہے۔ یہ خدمات اندرون ملک بے گھر ہو جانے والے لوگوں کی پناہ گاہوں میں بھی مہیا کی جاتی ہیں۔