UrduPoint:
2025-04-15@09:56:03 GMT
خواتین یونیورسٹیوں میں مرد پروفیسرز ٹیچرز کوہٹانے فیصلہ کرلیا گیا ہے ، گورنر پنجاب
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری 2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ خواتین یونیورسٹیوں میں مرد پروفیسرز ٹیچرز کوہٹانے فیصلہ کرلیا گیا ہے، یونیورسٹیوں میں ہراساں کرنے والوں کوسخت سزائیں ہوں گی، خواتین کو ہراسگی کا نشانہ بنانے کے حوالے سے ملنی والی شکایات کے بعد اس اقدام کا فیصلہ کیاگیا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ خواتین کو بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے پیپرز بنانے اور ان کی چیکنگ کا نظام تبدیل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر سزا اور جزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پیپرز لینے اور چیکنگ کا سسٹم تبدیل کرنے کیلئے تمام یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وائس چانسلرز اور پروفیسرز کی کارکردگی کیلئے پرفارما تقسیم کئے جائیں گے۔(جاری ہے)
اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔دوسری جانب نجی پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے دوسری سلیکشن لسٹ جاری کر دی گئی۔
نئے امیدواروں کیلئے فیس جمع کروانے اور جوائننگ کی آخری تاریخ 17 فروری مقرر کی گئی ہے۔پنجاب کے 32 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلوں کی دوسری سلیکشن لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔اپ گریڈ امیدواروں کیلئے بھی مقررہ تاریخ تک نئے کالجوں میں رپورٹ کرنا لازم قرار دیا گیا۔اپ گریڈ ہونے والے امیدواروں کی فیس انکے کالجزنئے کالجوں کو ٹرانسفر کریں گے۔ لاہور میں کم سے کم میرٹ عذرا ناہید میڈیکل کالج کا 77.2470 فیصد رہا۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے سلیکشن لسٹ اپنی ویب سائٹ پر جاری کردی۔دوسری سلیکشن لسٹ ایم بی بی ایس کی 1744 خالی سیٹوں کیلئے لگائی گئی۔دوسری لسٹ میں ایم بی بی ایس کے کم از کم میرٹ میں 4.17 فیصد کمی ہوئی۔اسی طرح سہارا میڈیکل کالج نارووال کا میرٹ سب سے کم 75.5682 فیصد رہا جبکہ العلیم میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ سب سے زیادہ 91.3515 فیصد رہا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے نجی میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے عبوری میرٹ لسٹ جاری کی گئی تھی۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے تمام 8104 درخواست گزاروں کی میرٹ کے لحاظ سے فہرست ویب سائٹ پراپ لوڈکردی گئی تھی۔میرٹ لسٹ اوپن میرٹ اور اوورسیز کیٹگری کیلئے علیحدہ علیحدہ جاری کی گئی تھی۔
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے سلیکشن لسٹ
پڑھیں:
پیکا ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری، ایک اور صحافی کو گرفتار کرلیا گیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل 2025ء ) ملک بھر میں پیکا ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اسی دوران ایک اور صحافی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں ایک اور صحافی کو گرفتار کیا ہے، اجمیر نگری تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے شیخ جنید ساگر قریشی کو گرفتار کیا گیا، جو سوشل میڈیا اور ایک اخبار سے منسلک ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی پیکا ایکٹ کے تحت کی گئی اور مقدمہ اے ایس آئی طارق ممتاز کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مدعی نے بیان کیا کہ واٹس ایپ پر مختلف لوگوں کے میسجز دیکھتے ہوئے ایک ویڈیو نظر سے گزری، جس میں کے ایف سی ریسٹورینٹ کے واقعے کا ذکر کیا گیا، ویڈیو میں جنید ساگر نے دعویٰ کیا کہ عوام نے مشتعل ہو کر پولیس پر حملہ اور پتھراؤ بھی کیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے۔(جاری ہے)
مدعی کا کہنا ہے کہ ’مذکورہ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ سرسید تھانے کی حدود میں ایک ڈمپر نے خاتون کو کچل دیا، ان ویڈیوز اور بیانات کے ذریعے عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، جو قانون کی خلاف ورزی ہے‘، اس مقدمے کے نتیجے میں پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی اور شیخ جنید ساگر قریشی کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جنید ساگر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پیکا ایکٹ 2025ء کے تحت سوشل میڈیا پروٹیکشن اتھارٹی قائم کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے محکمہ داخلہ میں سیل قائم کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر غیر قانونی اور جھوٹے مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے گا، جس کے ذریعے سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے اور جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہو سکے گا، اس کے علاوہ ایف آئی اے سائبر ونگ اور پی ٹی اے کی محکمہ داخلہ کے ساتھ رابطہ کاری بڑھائی جائے گی، سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف محکمہ داخلہ سندھ وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔