لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی پانی کے باکفایت استعمال، ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کی کوششوں کی تعریف
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اپنے تحریری فیصلے میں پنجاب حکومت کے پانی کی بچت، آلودگی سے بچاؤ اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات کو سراہا۔ عدالت نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اسے نگرانی کی تمام ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، گھروں کے اندر گاڑیاں دھونے اور پانی ضائع کرنے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے، جبکہ پٹرول پمپس کو ری سائیکلنگ پلانٹ کے بغیر کام کرنے پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ عدالت نے ای پی اے کو ہدایت کی کہ وہ پٹرول پمپس کی پڑتال کرے اور ری سائیکلنگ پلانٹ کی تنصیب یقینی بنائے۔
فیصلے میں ذکر کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں پانی کے باکفایت استعمال کے لیے ایک اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی حکومتوں کو بھی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مستقبل میں گھروں اور تجارتی مراکز کی تعمیر کے دوران ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
عدالت نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ماحولیاتی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا اور ماحولیاتی تحفظ کے مزید مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست خارج
اسلام آباد ہائیکورٹ نے افتخار محمد چودھری کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی انٹرا کورٹ اپیل اور سابق چیف جسٹس کیخلاف توہین عدالت کارروائی کیلئے دائر انٹراکورٹ اپیل خارج کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے فیصلہ جاری کر دیا ہے ۔ شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے افتخار محمد چودھری سے اضافی سیکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا ۔
فیصلے میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ ججز آرڈر 1997کے تحت ریٹائرڈ جج کی رہائش گاہ پر تاحیات سیکیورٹی گارڈ تعینات ہو سکتا ہے، عدالت کو بتایا گیا کہ افتخارمحمد چودھری اب ایک سیاسی جماعت کے سربراہ بھی ہیں، اگرسابق چیف جسٹس کوخطرہ ہو تو وہ متعلقہ حکام کو درخواست دے سکتے ہیں، اپیل کنندگان نے سابق چیف جسٹس کو اضافی سیکیورٹی دینے کی درخواست پر مطمئن نہ کر سکے۔