علی فضل ایک بار پھر ہالی وڈ فلم میں تہلکہ مچانے کو تیار
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
مشہور بالی وڈ اداکار علی فضل ایک بار پھر ہالی وڈ میں تہلکہ مچانے کو تیار ہیں اور ان کی نئی فلم "رُول بریکرز” رواں سال 7 مارچ کو شمالی امریکہ کے سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فلم عالمی یومِ خواتین سے قبل ریلیز ہو رہی ہے، جو اس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
یہ فلم ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے اور خواتین کی تعلیم کے حق سے متعلق ایک طاقتور پیغام دیتی ہے۔ علی فضل فلم میں سمیر سنہا نامی ایک امریکی ٹیکنالوجی ماہر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر انہوں نے کہا: "یہ فلم صرف ایک کہانی نہیں، بلکہ ہمت، اتحاد اور تعلیم کی طاقتور اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یومِ خواتین کے موقع پر اس فلم کا ریلیز ہونا اس کے پیغام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں۔”
فلم کی کہانی ایک بہادر خاتون کے گرد گھومتی ہے جو ایک ایسے معاشرے میں لڑکیوں کو تعلیم دینے کا خواب دیکھتی ہے جہاں یہ قدم بغاوت سمجھا جاتا ہے۔
جیسے جیسے ان کا تعلیمی مشن عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرتا ہے، ویسے ویسے ان کے راستے میں رکاوٹیں اور چیلنجز بڑھنے لگتے ہیں، لیکن ان کا حوصلہ ایک نئی تحریک کو جنم دیتا ہے جو دنیا بدل سکتی ہے۔
اس عظیم الشان فلم میں ہالی وڈ کی معروف اداکارہ فیبی والر برج بھی شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار بل گٹن ٹیگ نے کی ہے۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
ودیا بالن بھی ماورا حسین کی اداکاری کی معترف
بھارتی اداکارہ ودیا بالن پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماورا حسین کی اداکاری کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔
بھارت میں فلم صنم تیری قسم کی ری ریلیز کے بعد ودیا بالن بھی فلم دیکھنے سنیما گھر پہنچیں اور رومانوی فلم کی لچسپ کہانی سے خوب لطف اندوز ہوئیں۔
بھارتی اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ایک اسٹوری میں فلم اور اس میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ماورا حسین کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایک سادی لو اسٹوری دیکھ کر بہت مزہ آیا اور ماورا حسین کو ٹیگ کر کے کہا کہ آپ کمال ہو۔
ماورا حسین نے بھی ودیا بالن کے تعریفی کلمات کو اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر شیئر کر کے شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ ماورا حسین اور ہرش وردھن کی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو بھارتی سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے۔
باکس آفس میں فلم نے ری ریلیز کے بعد سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی بھارتی فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ماورا حسین اور ہرش وردھن کی یہ فلم 2016ء میں ریلیز کی گئی تھی اور اب اس فلم کی دوبارہ ریلیز 7 فروری 2025ء کو ماورا حسین کی شادی والے دن کی گئی ہے۔