کراچی، دو مختلف حادثات میں ڈمپر اور مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئے
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پیڈسٹیرین برج سے ٹکرا گیا، جبکہ دوسرے حادثے میں سائٹ ایریا میں ایک مسافر بس الٹ گئی۔
حادثے کے دوران ڈمپر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ اس کا کلینر اور مسافر بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈمپر ڈرائیور کی بے قابو ہونے کی وجہ سے پیڈسٹیرین برج سے ٹکرایا، جس کے باعث ڈمپر کے ڈرائیور کو چوٹیں آئیں۔
کلینر نے شہریوں کی جانب سے تشدد کے خوف سے فرار ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں پیڈیسٹیرین برج کو بھی نقصان پہنچا، موقع پر پولیس پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کردیا۔
اسی دوران سائٹ اے کے علاقے حبیب چورنگی سے ناظم آباد کی جانب جانے والی ایک تیز رفتار مسافر منی بس بھی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ پولیس اور ایدھی کے رضا کار فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ ایدھی حکام کے مطابق، اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے مسافر بس کو قبضے میں لے لیا، جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور کنڈیکٹر ابھی تک مفرور ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مسافر بس
پڑھیں:
کراچی؛ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جامعہ کراچی کا ملازم جاں بحق
کراچی:سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جامعہ کراچی کا ملازم طارق سعید جاں بحق ہوگیا اور رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے خاتون سمیت 10 افراد کو ابدی نیند سلا دیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سپرہائی وے جمالی پل کلہاڑی چوک کے قریب فائرنگ سے 50 سالہ شہری طارق ولد سعید کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی جس پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا اور مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا جا رہا ہے جبکہ ایس ایچ او سہراب گوٹھ وزیر سموں کے مطابق عینی شاہدین اور ریڑھی والوں نے پولیس کو بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کی پولیس کسی ملزم کا تعاقب کر رہی تھی اس دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر طارق سعید شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔
ہیڈ محرر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا اے ایس آئی بلاول نے ایس ایچ او سہراب گوٹھ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری پولیس کا ڈاکوؤں سے کوئی مقابلہ نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کی آواز سن کر سائٹ سپرہائی وے کی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو شہری زخمی تھا، جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا اور اس دوران سہراب گوٹھ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔
مقتول طارق سعید جامعہ کراچی کا ملازم تھا اور شعبہ سمسٹر سیل میں تعینات اور اسکیم 33 کا رہائشی تھا۔