میکرو اکنامک استحکام آ گیا، آئی ایم ایف نے اصلاحات کو سراہا: وزیر خزانہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
اسلام آباد؍ کراچی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے زیر اہتمام انشورنس امپیکٹ کانفرنس پاکستان 2025 سے عملی طور پر خطاب کیا۔ کانفرنس کا موضوع "فوسٹرنگ کولیبریشن، انگیجمنٹ، اور انوویشن - ایک بیمہ شدہ پاکستان کا سفر" تھا۔ پاکستان کے انشورنس سیکٹر کے مستقبل پر بات کرنے کے لیے پالیسی سازوں، ریگولیٹرز، صنعت کے رہنماؤں، اور ترقیاتی شراکت داروں کو اکٹھا کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا "میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا گیا ہے۔ ہماری اگلی ترجیح ٹیکسیشن، توانائی اور مالیاتی شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہیں تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ قومی چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں تعاون کریں۔ وفاقی وزیر نے تسلیم کیا کہ جہاں انشورنس کے شعبے نے صحت سے متعلق کوریج میں پیش رفت کی ہے، وہیں شہریوں کے لیے جامع تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دیگر شعبوں کو بھی مضبوط کرنا ہوگا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تجارت کرنا حکومت کا کام نہیں، حکومت نجی شعبے کی مکمل معاونت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 مہینوں میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے۔ آئی ایم ایف سربراہ نے سٹرکچرل اصلاحات کو کھلے دل سے سراہا ہے۔ دریں اثنا وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے اعتراف کیا ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے تعمیری اور مثبت میٹنگ ہوئی، پاکستان کی معاشی ترقی، جاری اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا، کرسٹالینا جارجیوا نے اعتراف کیا کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ سب کچھ خود کرے۔وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کہا ہے حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے طویل مدتی پالیسی فریم ورک یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے اعلی سطح کے وفد نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت انادولو گروپ کے صدر برائے کارپوریٹ امور، مواصلات اور پائیداری اتیلا یرلکایا نے کی۔اس موقع پر مشروبات ساز کمپنی لا ایشیجک کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) احمد کورشاد ایرتن اور کوکا کولا ایشیجک پاکستان کے جنرل منیجر سنائے سانلی بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی تعاون کے مزید مواقع اور پاکستان میں کاروبار میں آسانی کے لیے پالیسی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور تسلسل کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کے باہمی فوائد کا اعتراف کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق معاشی اصلاحات، دوطرفہ مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے حکومتی معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط، اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے حکومت پر عزم ہے۔ برطانیہ کی مسلسل حمایت قابل تحسین ہے۔ جین میریٹ نے پاکستان سے برطانیہ کی مضبوط شراکت داری کا اعادہ کیا اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب محمد اورنگزیب نے ا ئی ایم ایف وفاقی وزیر پاکستان کے نے کہا کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم سے سربراہ آئی ایم ایف کی ملاقات, طویل مدتی معاشی استحکام کے لیے موثر گورننس پر زور
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی اور طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کی گزشتہ روز ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (ڈبلیو جی ایس) 2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاکستان کے جاری آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو کی گئی۔ بات چیت میں ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا، جو کہ پاکستان کے معاشی استحکام کی بحالی اور ملک میں پائیدار ترقی و مستقبل کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ای ایف) کے تحت ہونے والی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کیلئے حکومت کے عزم کا یقین دلایا جو پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اہم اجزاء ہیں۔ مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں افراط زر میں کمی کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان معاشی بحالی کے حصول کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے ملک کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ذاتی عزم کی بھی تعریف کی، جنہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے آئی ایم ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔