اسلام آبادہائیکورٹ؛ چیف جسٹس اور دیگر ججوں کے اعزاز میں عشائیہ، 5 ججوں کی عدم شرکت
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
ضلعی عدلیہ کے ججوں کی جانب سے سپریم کورٹ کے لیے نامزد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ساتھ ساتھ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سمیت دیگر ہائی کورٹس سے آنے والے ججوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جبکہ 5 ججوں نے شرکت نہیں کی۔
اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ جانے والے دو ججوں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 ججوں نے بھی شرکت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی کے مسئلے پر پریزنٹیشن بھجوانے والے 5 جج شریک نہیں ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ ضلعی عدلیہ انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ضلعی عدلیہ سے بھی اس مرتبہ ایک جج کو ہائی کورٹ کا جج بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو ہائی کورٹ کے جج کے لیے نامزد ہوئے لیکن بن نہ سکے ان کے لیے بھی مایوسی کی بات نہیں، اس سال اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ریکارڈ کیسز نمٹائے، مجھے آپ کے کام پر فخر ہے، جن ججوں کی ترقی ہوئی ان کو مبارک باد اور جن کی ترقی نہیں ہوئی وہ بھی مایوس نہ ہوں، آپ بہترین کام کر رہے ہیں، آپ کا وقت بھی آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جج سائلین کو قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں، میں اس سفر میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں مگر آپ لوگ میرے دل میں ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے ضلعی عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میرے دروازے بھی ہمیشہ آپ کے لیے کھلے رہیں گے۔
جسٹس سرفراز ڈوگرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے، آپ سبھی کسی بھی مسئلے کے لیے میرے پاس آسکتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججوں کے 90 فیصد فیصلے ہائی کورٹ میں برقرار رہے، یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ضلعی عدلیہ کے ججز اچھا کام کر رہے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ جیسا کہ جسٹس ڈوگر نے کہا میرے دروازے بھی ہمیشہ آپ کے لیے کھلے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے چیف جسٹس عامر فاروق اور سینئر ترین جج جسٹس سرفراز ڈوگر کو شیلڈ پیش کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق ضلعی عدلیہ کے لیے
پڑھیں:
جسٹس سردار سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات
اسلام آباد: وزارت قانون و انصاف نے ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹس کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق جسٹس سردار سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کر دیا گیا۔
جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس محمد اعجاز سواتی کی بطور قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کی بطور قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی بطور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی بطور قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے سپریم کورٹ کے بطور ایکٹنگ جج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ یکم فروری کو لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک، ایک جج کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کر دیا گیا تھا۔
جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا لاہور ہائی کورٹ، جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس محمد آصف کا تبادلہ بلوچستان ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر لاہور ہائیکورٹ کے 15ویں سینئر جج تھے، جن کی تقرری 8 جون 2015 کو کی گئی تھی جبکہ وہ 62 سال کی عمر میں وہ 2 جولائی 2030 کو ریٹائر ہوں گے۔