نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی پر تماشائیوں کا جشن
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
کراچی:
جنوبی افریقہ کے خلاف شان دار کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سہ فریقی کرکٹ سیریز کے فائنل میں رسائی پر تماشائی خوشی سے جھوم اٹھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی ناقابل شکست سنچری اور سلمان علی آغا کے عمدہ 134 رنز کی بدولت 353 رنز کا ہدف عبور کر کے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے پر نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں نے خوب جشن منایا۔
پاکستان کی اس یادگار فتح پر تماشائیوں نے جذبات سے سرشار ہو کر پرجوش انداز میں قومی ٹیم اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔
کرکٹ کے متوالوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کچھ بھی کر دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستانی بیٹرز نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
کرکٹ کے مداحوں نے توقع ظاہر کی کہ جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کرکٹ ٹیم
پڑھیں:
سلمان اور رضوان کی سنچریاں، پاکستان جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
کراچی( سپورٹس ڈیسک)سہ فریقی سیریز کے تیسرے اور اہم میچ میں پاکستان نے ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
جنوبی افریقہ کا 353 رنز کا ہدف پاکستان نے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے شاندار سنچریاں بنائیں۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 91 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ بابر اعظم 23، سعود شکیل 15 اور فخر زمان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا اور محمد رضوان کے درمیان 262 رنز کی ریکارڈ ساز پارٹنرشپ بنی۔ سلمان علی آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔ ہینرک کلاسین 87، میتھیو بریٹزکی 83 اور ٹیمبا باووما 82 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
کائل ویریانے نے 32 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو کے ہندسے کے پار پہنچایا۔
انکے علاوہ ٹونی ڈی زورزی نے 22 اور کوربن بوش نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ کے علاوہ تمام بولرز نے 6 سے زائد اوسط سے رنز دیے۔ تاہم اس کے باوجود شاہین آفریدی دو جبکہ نسیم شاہ اور خوشدل شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔
پاکستان ٹیم میں کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو جبکہ حارث رؤف کی جگہ پر محمد حسنین کو ٹیم کو شامل کیا گیا۔