عدالت کا رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
پشاور:
ایڈیشنل سیشن جج پشاورعبدالقیوم صدیقی نے کار سرکار میں مداخلت پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست گزار اسسٹنٹ انجینئر(جی) ایس ایس اینڈ ٹی ایل پیسکو نے میاں عماد خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے سیشن کورٹ پشاور میں 22اے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ 31اگست 2024کو رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے سخی چشمہ گرڈ اسٹیشن میں زبردستی گھس کر نئے گرڈاسٹیشن کا افتتاح کرکے کار سرکار میں مداخلت کی۔
درخواست گزار نے کہا کہ متعلقہ تھانہ میں رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے درخواست دائر کی مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ اس دوران رکن قومی اسمبلی نے دوبارہ درخواست گزار کے دفتری امور میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے پیسکو کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
پولیس کی جانب سے رکن اسمبلی کے خلاف قانونی کاروائی نہ کرنے پر درخواست گزار نے سیشن کورٹ سے 22 اے کی تحت رجوع کرلیا تھا۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواست گزار کی 22اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ کو رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر دوران تفتیش درخواست گزار کی رپورٹ غلط ثابت ہوئی تو اس کے خلاف بھی دفعہ 182کے تحت کارروائی کی جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رکن قومی اسمبلی درخواست گزار کے خلاف
پڑھیں:
سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت بجٹ اجلاس سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سید نوید قمر، راجہ پرویز اشرف کے علاوہ مختلف پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو مؤثر اور شفاف انداز میں چلانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔
اجلاس میں بجٹ اجلاس کے دوران کورم کی دستیابی، ایوان کی کارروائی کے نظم و نسق، اور متوقع بجٹ کے دوران بحث کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اجلاس کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جن کا بغور جائزہ لیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ بجٹ اجلاس کو پارلیمانی روایات کے مطابق مؤثر، بامقصد اور ہم آہنگ انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر سنیئر پارلیمنٹرین اور ممتاز سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز پر مرحوم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔