سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک ہے، سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا بااعتماد دوست اور برادر ملک ہے، سعودی عرب کی سالمیت پر کبھی آنچ آنے نہیں دیں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دن رات محنت سے پاکستان میکرو اکنامک استحکام حاصل کر چکا ہے تاہم ہمیں ابھی بھی ملکی معشیت کے لیے دن رات محنت کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت سے ہی پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا اور قرضوں سے جان چھوٹے گی۔ میرے والد کہا کرتے تھے کہ اللہ کا شکر ادا کرنے کے لیے لوگوں کو روزگار فراہم کرو۔
وزیراعظم نے کہا کہ دورے میں یو اے ای صدر سے دو طرفہ تعلقات و سرمایہ کاری سے متعلق گفتگو ہوئی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمت میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سمٹ کے موقع پر دو طرفہ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے مثبت تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ایز آف بزنس کی طرف آئیں، سرمایہ کاروں پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کے اقدامات سمیت وزیر توانائی اور وزیر خزانہ کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں 50ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا جا چکا، یہاں تعمیر نو کا کام فوری شروع ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات مثالی رہے ہیں، ڈینگی کے دوران سری لنکا کے ڈاکٹرز نے بہت مدد کی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید سہل اور مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنایا ہے ، وزیراعظم شہبازشریف
دبئی(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید سہل اور مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنایا ہے اور شفافیت کو فروغ دیا ہے، ڈی پی ورلڈ کے ساتھ بامعنی سرمایہ کاری کے اشتراک سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجار ی بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے یہاں ملاقات کی۔
اس مو قع پر وزیر اعظم نے ڈی پی ورلڈ کے وفد کے پاکستان کے حالیہ کامیاب دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان بامعنی سرمایہ کاری کے اشتراک کا باعث بنا جو خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں و تعاون سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے تجارت اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کو بڑھانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈی پی ورلڈ کے ساتھ بین الحکومتی معاہدوں کے تحت منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے پاکستان نے سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید سہل، شفافیت کو فروغ اور مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنایا ہے، جس سے پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش مقام بن گیا ہے۔
وزیراعظم نے ڈی پی ورلڈ کے وژن اور کاروباری حکمت عملی کو سراہا جو پاکستان کی معاشی امنگوں سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سٹریٹجک محل وقوع ڈی پی ورلڈ کے لئے اپنے آپریشنز کو بڑھانے اور پاکستان میں جبل علی بندرگاہ جیسے کامیاب منصوبوں کی تقلید کا ایک مثالی موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈی پی ورلڈ گروپ کے چیئرمین نے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے میں حکومت پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈی پی ورلڈ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پاکستانی مصنوعات کی متحدہ عرب امارت میں برآمدات کے فروغ کیلئے ڈی پی ورلڈ نے ایک خصوصی نمائشی ہال مختص کیا ہے جس کی بدولت اماراتی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی اور ان کی تشہیر کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے ڈی پی ورلڈ کے اس اقدام کو سراہا۔