راولپنڈی: لڑکی کا غیرت کے نام پر مبینہ قتل
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
—فائل فوٹو
راولپنڈی میں تھانہ جاتلی کی حدود میں لڑکی کو غیرت کے نام پر مبینہ قتل کر دیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے چچا نے زہریلی گولیاں کھلا کر قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی منگنی چچا کے بیٹے کے ساتھ طے ہوئی تھی، لڑکی 3 فروری کو گھر سے فرار ہوئی تھی۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کرکے مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لڑکی کو اس کا چچا گھر لایا اور کمرے میں بند کر دیا، ملزم نے قتل کے بعد لڑکی کی تدفین کر دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی۔
پولیس نے مقتولہ کے چچا اور والد کو شامل تفتیش کر لیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
اشتہاری چھڑانے کیلئے وکلاء کا مبینہ تشدد‘ تھانیدار جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) مزنگ کے علاقے میں وکلاء کے مبینہ تشدد سے پولیس کا اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس ائی محمد شاہد ایف آئی اے عدالت کے باہر اشتہاری ملزم عدیل کو گرفتار کر کے لے جا رہا تھا کہ وکلاء نے ملزم کو چھڑوانے کے لئے پولیس ٹیم پر دھاوا بول دیا۔ وکلاء اور ملزم کے تشدد سے تھانہ شاد باغ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد شاہد کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ وکلاء اشتہاری عدیل کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزموں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔